کورونا ٹیسٹ میں دہلی نے بنایا ریکارڈ

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)  on  03-December-2020

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا انفیکشن کی تیز رفتار کم ہوئی ہے۔ دہلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 79 ہزار کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو اب تک ملک بھر میں ریکارڈ ہے۔ اس میں سے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹوں کی تعداد 36000 سے زیادہ ہے۔ ادھر راحت کی خبر یہ ہے کہ ایک دن میں دہلی میں کورونا کے 4 ہزار سے کم کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق دہلی میں بدھ کے روز 24 گھنٹوں میں کورونا کے 3944 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 82 مریضوں کی موت ہوئی۔ دریں اثناپہلی بار دارالحکومت میں صحت یابی کی شرح 93فیصد سے زائدریکارڈ کی گئی ہے۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ دہلی میںکورونا پوزیٹیو کی شرح تیزی سے کم ہورہی ہے، جو قابل اطمینان ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں اس میں مزید کمی واقع ہوگی۔دارالحکومت دہلی میں پہلی بار صحت یابی کی شرح 93فیصدسے تجاوز کرگئی۔ دہلی میں صحت یابی کی شرح بدھ کے روز 93.14فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اموات کی شرح 1.62فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ دہلی میں متاثرہ مریضوںکی تعداد 578324 تک پہنچ چکی ہے۔