Taasir Urdu News Network | Patna (Bihar) on 29-January-2021
پٹنہ: بھوجپور ضلع کے گڑھنی تھانہ حلقہ کے بگواں ریلوے پھاٹک کے قریب آرہ ۔ سہسرام ہائی وے پر سالگرہ تقریب کرکے لوٹ رہے دو نوجوان کی سڑک حادثہ میں موت ہوگئی۔ جمعرات کی دیر رات گھنے کہرے کی وجہ سے کار ہائی وے پر کھڑے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا زبردست تھا کہ دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعہ سے ناراض لوگوں نے جمعہ کی صبح سے ہی دونوں لاش کو ہائی وے پر رکھ کر جام کر دیا۔ اس کے بعد آتش زندی کرکے پولس انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔ سڑک جام کی وجہ سے گھنٹوں آمدورفت بندرہی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر ایس ڈی پی او پنکج کمار راوت اور سی او اد ئے کانت چودھری موقع پر پہنچے۔ لوگوں کو جلد از جلد ہائی وے سے کنٹینر ہٹانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اس کے بعد انہوں نے دونوں کنبہ کو حکومت کی طرف سے دی جانے والی گرانٹ کی رقم کے طور پر چار ۔چار لاکھ روپے دیئے۔ متوفی گڑھی تھانہ حلقہ کے براپ گاؤں باشندہ ستیندر سنگھ کا بیٹا کنال سنگھ (30) اور دھمنیا گاؤ ں باشندہ سریندر شکلا کا بیٹا گوری شنکر شکلا (30 ) ہے۔ کنال سنگھ پیشے سے صحافی تھے۔ ان کے بڑے بڑے بھائی وشال سنگھ نے بتایا کہ کنال اور گوری شنکر جمعرات کی شام آرا شہر کے ایک نجی ہوٹل میں ڈاکٹر کی بیٹی کی سالگرہ تقریب میں شرکت کے بعد کار سے گھر لوٹ رہے تھے۔ اس دوران وہ دونوں میس مارکیٹ کے قریب ٹھہرے۔ اس کے بعد گوری شنکر کنال کو گھر چھوڑنے کے لئے براپ گاؤں آ ر ہے تھے ۔ تبھی یہ حادثہ پیش آیا۔معاوضہ ملنے کے بعد گاؤں والے ہائی وے پر سے نہیں ہٹے۔ اب ان کا مطالبہ ہے کہ بھوجپور ایس پی ہر کشور رائے جائے وقوع پر آئے ۔ ناراض لوگوں کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے پیچھے کہیں نہ کہیں گڑھنی تھانہ انچارج بھی ذمہ دار ہیں۔