باگ بازار میں آگ لگنے سے سیکڑوں مکانات جل کرخاک

Taasir Urdu News Network | Kolkata  (West Bengal)  on  14-January-2021

کولکاتہ: مغربی بنگال کی دارالحکومت کولکاتہ کے علاقے باگ بازار میں ماں شردہ آواس کے قریب بستی میں آگ لگنے سے سیکڑوں مکانات جل کرخاک ہوگئے۔ جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لئے محکمہ فائر کی 28 گاڑیوں کو رات 2 بجے تک جدوجہد کرنا پڑی جو شام 7 بجے کے قریب شروع ہوئی ،تب جاکر اس پر مکمل طور پر قابو پایا گیا۔ کولکاتہ میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر اور ریاستی شہری ترقیاتی وزیر فرہاد حکیم نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے مکانات آتشزدگی سے تباہ ہوئے ہیں انہیں معاوضہ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے انہیں مستقل مکانات بھی فراہم کئے جائیں گے۔ کولکتہ پولیس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ، بدھ کے روز شام 6بج کر55 منٹ پر شہام پوکھر تھانہ کے تحت باگ بازار مہیلا کالج کے قریب ہزارہ بستی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ شمالی کولکاتہ کا یہ علاقہ بہت گنجان آبادی ہے ، لہذا فائر فائٹرز کو پہنچنے کے لئے سخت جدوجہد کرنا پڑی۔ پہلے 10 گاڑیاں موقع پرپہنچ گئیں لیکن بستی کے علاقے میں آتش گیر سامان کی موجودگی کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلنا شروع ہوگئی ، جس کے بعد رات 10 بجے تک فائر فائٹرز کی28 گاڑیوں نے آگ پر قابوپایا۔