جیوتی کماری کو ملا راشٹریہ بال ایوارڈ

Taasir  Urdu  News  Network  |  Darbhanga  (Bihar)  on  25-January-2021

دربھنگہ: وزیر اعظم راشٹریہ بال ایوارڈ 2021 کے تحت فنون اور ثقافت کے میدان میں7 ، جدت طرازی کے لئے9 ، تعلیمی کامیابیوں کے لئے 5 ، کھیلوں میں خصوصی شناخت کے لئے 7 ، بہادری کے لئے 3 ، معاشرے کی خدمت کے لئے 1 یعنی کل 32 بچوں کو وزیر اعظم راشٹریہ بال ایوارڈ دیا گیا۔ ہر ایک کو اپنے میدان میں نمایاں کام کے لئے 1 لاکھ روپے ، میڈل اور توصیفی سند فراہم کیا جائے گا۔ دربھنگہ کی جیوتی کماری کو غیر معمولی بہادری کے لئے وزیر اعظم راشٹریہ بال ایوارڈ دیا گیا۔ دربھنگہ ضلع کے سنگھواڑہ بلاک کے سرہولی گاؤں کے رہائشی موہن پاسوان کی بیٹی جیوتی کماری (سائیکل گرل) کو بہار سرکار کے ذریعے انسداد نشہ مہم کا برانڈ ایمبیسڈر بنایاجا چکاہے۔ این آئی سی دربھنگہ سے جیوتی کماری اور اس کے والدین اور ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم موجود تھے۔ وزیر اعظم نے جیوتی کماری کے ساتھ تمام بچوں کو ان کے غیر معمولی کام پر راشٹریہ بال ایوارڈ کے لئے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان سب کو اپنی زندگی میں تسلسل برقرار رکھنے اور ملک کی خدمت کے لئے اس سمت کام کرنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے ایوارڈز لینے والوں سے کہا کہ وہ ہر سال کم از کم ایک عظیم انسان کی سوانح ضرور پڑھیں۔ اس سے زندگی بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیوتی کماری کو بہادری کے لئے وزیر اعظم راشٹریہ بال ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ایوارڈ میں انہیں ایک لاکھ روپے ، توصیفی سند اور میڈل دیئے جائیں گے۔ حکومت بہار نے انہیں منشیات سے آزادی مہم کا برانڈ ایمبیسڈر بنایا ہے اور 50 ہزارروپے فراہم کیے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کے ذریعے پڑھنے لکھنے کے لئے معاونت فراہم کی جارہی ہے اور مزید مدد فراہم کی جائے گی۔