دہلی میں10ویں اور12ویں کلاس کے اسکول کھلے

Taasir Urdu News Network | New Delhi  (India)  on  18-January-2021

نئی دہلی: ملک بھر میں کورونا ویکسین کے آغاز کے ساتھ ہی دہلی میں آج سے دسویں اور بارہویں کلاس کے اسکول کھلنے جارہے ہیں۔ اسکول کھولنے سے پہلے دہلی حکومت نے ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاستی حکومت کے حکم کے مطابق دسویں اور بارہویں جماعت کے عملی ، منصوبوں اور پری بورڈ ، بورڈ امتحانات کے لئے اسکولوں کی تیاری کو لیکر اسکولوں کو کھولنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔واضح ر ہے کہ 304 دن بعد طلبا کو اپنے اسکول میں انٹری ملے گی۔ ایسے میں طلبا کو اسکول کے بدلے ماحول کے ساتھ نئے قوانین کو بھی عمل میں لانا ہوگا جس کے تحت فی الحال طلبا آپس میں ہاتھ نہیں ملا سکیں گے۔ صرف 10 ویں کلاس کے بچوں کو والدین کی مرضی کے بعدہی اسکول آنے کی اجازت ہوگی۔ اسکول آنے والے طلبا کے والدین کو تحریری اجازت نامہ دینا لازمی ہے جو طلبا بغیر والدین کی رضامندی سے اسکول آئیں گے انہیں اسکول میں داخلہ نہیں ملے گا۔ ایس او پی میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اسٹرکشن زون کے باہر کے اسکولوں کو صرف درج سرگرمیوں کے تحت ہی اجازت دی جائے گی۔ کنٹینمنٹ زون میں رہنے والے طلباء ، اساتذہ اور ملازمین کو اسکول نہیں آنے دیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کے مطابق اسکول کے انٹری گیٹ ، ایکزٹ گیٹ پر بھیڑ سے بچنے کے لئے اسکول کا وقت کم از کم 15منٹ کے وقفے کے ساتھ رکھنا ہوگا۔ اسکولوں کو صرف کلاسز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی اسمبلی ، پروگرام، غیر نصابی یا جسمانی سرگرمی کی اجازت نہیں ہے۔ہنگامی صورتحال میں اسکول کے سربراہان اسکول میں کورنٹائن کمرے کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔ تمام اسکول ممبران کو لازمی طور پر اسکول کے احاطے میں ماسک پہننا ہوگا۔ اسکول دوبارہ کھلنے کے بعد بھی آن لائن کلاسز جاری رہیں گی کیونکہ گھر پر رہنے والے آن لائن کلاس اٹینڈ کرپائیں گے۔