زہریلی شراب پینے سے پانچ کی موت

Taasir Urdu News Network | Bulandshahr (Uttar Pradesh)  on  08-January-2021

بلند شہر:  اترپردیش کے بلند شہر ضلع کے سکندرآباد کے گاؤں جیت گڑھی میں زہریلی شراب پینے سے پانچ لوگوں کی موت ہوگئی، جبکہ سات کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ کلیکٹر رویندر کمار نے بتایا کہ 16 لوگوں کا ڈائلسس کیا جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ان سبھی نے گاؤں میں ہی فروخت ہو رہی شراب خریدی تھی۔ اس معاملے میں تھانہ انچارج سمیت تین پولیس اہلکاروں کو ایس ایس پی نے معطل کردیا ہے۔ پانچ لوگوں کی موت کے بعد پورے گاؤں میں کہرام مچا ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس سانحہ کے قصورواروں پر این ایس اے لگانے کا حکم دیا ہے۔ اس درمیان ڈی ایم رویندر کمار نے شروعاتی جانچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص باہر سے شراب لایا تھا۔ شراب کی دوکانوں پر چھاپہ مارا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گاؤں جیت گڑھی کے رہنے والے35 سال کے ستیش، 40 سال کے کلوا، رنجیت اور 60 سال سکھپال اور دیگر لوگوں نے گاوں میں ہی ایک شخص سے شراب خریدی تھی۔ جمعرات رات کو شراب پینے کے بعد سوگئے۔ بتایا جارہا ہے کہ نصف شب کے بعد ان سب کی حالت بگڑنے لگی۔ ان میں سے ستیش، کلوا، رنجیت، سکھپال اور ایک دیگر نے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا، جبکہ باقی لوگوں کو اسپتال لے جایا گیا۔ ان سبھی کی حالت نازک ہے۔ پولیس اور ایڈمنسٹریٹیو ٹیم گاؤں پہنچ گئی اور اہل خانہ سے حادثہ کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف ہوگئی ہے۔ دوسری جانب شراب بیچنے والا شخص ابھی گرفت سے باہر ہے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سخت قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ضلع انتظامیہ کو قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ قصورواروں پر این ایس اے اور گینگسٹر کے تحت کارروائی کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے سینئر افسران کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر متاثرین کو بہتر علاج کے ساتھ قصوروار ڈسٹیلری کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔