ستیہ پرکاش جھا اپنے کاموں سے عوام میں بیحد مقبول

Taasir Urdu News Network | Darbhanga (Bihar)  on  07-January-2021

دربھنگہ : لہریا سرائے جڑواں شہر ہیں۔ دربھنگہ شہر میں یونیورسٹی تھانہ ایک اہم علاقہ ہے جس کے موجودہ تھانے دار (اوسی ) جناب ستیہ پرکاش جھا ہیں ۔ انھوں نے ۵؍دسمبر ۲۰۲۰ء کو اس تھانہ میں جوائن کیا ہے۔ اس سے قبل وہ ٹاؤن تھانہ میں اپنے فرائضِ منصبی بخوبی انجام دے رہے تھے۔ موصوف ۲۰۰۹ء بیچ کے تیز طرار پولیس افسر ہیں اور نہایت مستعدی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی نبھاتے ہیں۔ انھوں نے نمائندۂ روزنامہ ’’تاثیر‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس اور عوام کے رشتے کو بہتر بنانا ہم لوگوں کے لیے لازمی ہے۔ عوام اپنی شکایتیں تھانہ میں درج کراتے ہیں اور پولیس عملہ ان کو بہتر طریقہ سے حل کرتا ہے۔ پولیس کا بنیادی مقصد سماج اور معاشرے میں امن و آشتی بحال رکھنا ہے۔ اس تھانہ کے تحت دو یونیورسٹیز کے ساتھ ساتھ کئی اہم تعلیمی ادارے بھی ہیں ۔ ایک اہم مقام شیاما مندر بھی اسی تھانہ حلقے میں موجود ہیں جہاں درشن کے لیے روزانہ کثیر تعداد میں زائرین آتے رہتے ہیں۔ یہ آستھا کا مرکز ہے۔ سالِ نو پر بھی یہاں کافی بھیڑ جمع ہوجاتی ہے ۔ خوشی ہے کہ امن و شانتی کے ساتھ یہ وقت بھی گزر گیا۔ اس تھانہ کے تحت ۳؍ ناکے (آؤٹ پوسٹ) ہیں ۔ عملہ کی کل تعداد ۱۴؍ ہے اور تمام اپنے کاموں میں نہایت مستعد اور چاق و چوبند ہیں۔ ‘‘ ستیہ پرکاش جی کا عوامی رابطہ بہت اچھا ہے ۔ تھانہ میں اپنی شکایتیں درج کرانے والوں کے مسائل پر ان کی گہری نظر رہتی ہے۔ دریں اثنا موصوف کی قیادت میں بیلاشنکر محلہ میں چھاپہ مار کر پولیس نے سنجیو یادو عرف رام بدن یادو نامی شخص کے گھر سے ۱۴؍کارٹن شراب ضبط کی ہے۔ اسی طرح انھوں نے سندر پور چھٹی پوکھر سے سوبودھ ٹھا کر کو گرفتار کیا جس نے نشہ کی حالت میں اپنی بیوی کو زدو کوب کیا تھا۔ نمائندۂ ’’تاثیر‘‘ نے ستیہ پرکاش جھا جی کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی کہ امن و امان بحال رکھنے کے لیے پولیس کا بیلا موڑ ، گنگوارہ وغیرہ میں بھی گشت لگاتے رہنا ضروری ہے ۔