قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت: ’ہم سخن‘کی خصوصی تقریب میں شرکا کا اظہار خیال

Taasir Urdu News Network | Patna  (Bihar)  on  25-January-2021

پٹنہ : گورنمنٹ سنسکرت کالج ، قاضی پور، پٹنہ کے کانفرنس ہال میں ادارہ ’ ہم سخن ‘ کی جانب سے ایک ادبی نشست ’ ہم سخن کی ایک شام: قومی یکجہتی کے نام‘ منعقد کی گئی۔ ہم سخن کی اس تیسری نشست کے نثری حصے کی صدارت پروفیسر نول کشور سنگھ اور نظام ڈاکٹر اویناش امن نے کی، جبکہ نشست کے شعری حصے کی صدارت سنجے کمار کندن نے اور نظامت کے فرائض صدف اقبال نے بحسن و خوبی انجام دیے۔نثری حصے کی ابتدا ڈاکٹر عطا عابدی کے تعارفی خطبے سے ہوئی جس میں انہوں نے ’ہم سخن‘ کے اغراض مقاصد پر روشنی ڈالی اور مطالعہ کتب کی اہمیت و افادیت سے روشنا س کرایا۔اس کے بعد ڈاکٹر بدرمحمدی نے علیم صبا نویدی کی کتاب ’ دکن کا ادبی منظر نامہ کے مطالعے کے سلسلے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی اور کتاب کے اختصاص پر روشنی ڈالی ۔ اس کے بعد سلطان آزاد نے اس ماہ ان کے زیر مطالعہ آئی کتابوں کا تفصیلی طور سے ذکر کیا۔اس موقع پر زبیر بھاگلپوری نے قومی یکجہتی کے حوالے سے مختلف مفید اور روشن نکات پر روشنی ڈالی، ساتھ ہی کتب بینی سے اپنے والہانہ لگائو کا اظہار کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر منوج کمار پرنسپل سنسکر ت کالج نے اس پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا ۔انہوں نے قومی یکجہتی اور مطالعہ کتب پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انسانیت کو ادب کا سب سے اہم موضوع بتایا۔پروفیسر نول کشور نے قومی یکجہتی کے تعلق سے مختلف تہذیب اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کی ارتقائی صورت حال کا تقابلی مطالعہ پیش کیا اور کتابوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ آخر میں گزشتہ دنوں اردو کی مختلف شخصیات کی و فات حسرت آیات پر اظہار غم کیا گیااور ان کے لیے دعائیں کی گئیں۔