نیتا جی سبھاش چندر بوس کی جینتی یوم شجاعت کے طور منائی گئی

Taasir Urdu News Network | Patna (Bihar)  on  23-January-2021

پٹنہ: آزادہند فوج کے بانی نیتا جی سبھاش چندر بوس کی 125ویں جینتی کے موقع پر بی جے پی دفتر میں منعقد پروگرام سے خطا ب کرتے ہوئے تنظیمی جنرل سکریٹری ناگیندر جی نے کہا کہ مودی حکومت نے نیتا جی کی جینتی کو ایک خاص مقام دیا ہے ۔ کانگریس حکومت نے کبھی بھی سبھاش چندر بوس کو وہ مقام نہیں دیا جس کے وہ حقدار تھے ۔ ملک میں کافی دنوں تک نظرانداز سردار پٹیل کو جس طرح مودی حکومت نے اعلی مقام دیا ہے اسی کے تحت نیتا جی سبھاش چندر بوس کو بھی اعلی مقام دے کر انہیں یاد کیا جارہا ہے ۔ سبھاش بابو کے نظریات کو لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے ۔ سبھاش چندر بوس نے انگریزوں کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیا ۔ پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے بی جے پی رہنما سریش رونگٹا نے کہا کہ کانگریس اور لیفٹ پارٹیوں نے سبھاش چندر بوس کو نظرانداز کیا ہے۔ نریندر مودی حکومت بننے کے بعد نیتا جی سبھاش چندر بوس کو عالمی نقشے پر لانے اور ان کے کاموں کا محاسبہ کیا گیا ۔ اسی لئے مودی حکومت نے ان کی جینتی کو ہر سال یوم پراکرم کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ۔