وزیر اعلیٰ شیوراج نے کی ریاست گیر ویکسینیشن مہم کی شروعات

Taasir Urdu News Network | Bhopal  (Madhya Pradesh)  on  16-January-2021

بھوپالـ: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ صبح 10.30 بجے دنیا کے سب سے بڑے ملک گیر کووڈ -19 ویکسینیشن مہم کی شروعات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بھوپال کے حمیدیہ اسپتال پہنچے اور ریاست گیر کورونا ویکسینیشن مہم کی شروعات کی۔ سب سے پہلا ٹیکہ حمیدیہ اسپتال کے محکمہ صحت کے ملازم سنجے یادو کو لگایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سنجے یادو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم کے پہلےمرحلہ میں تقریباً سوا چار لاکھ ہیلتھ ورکر کو ٹیکہ لگایا جائے گا۔ پروگرام میں میڈیکل ایجوکیشن وزیر وشواس سارنگ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ملک کی ٹیکہ کاری مہم بہت ہی انسانی اور اہم اصولوں پر مبنی ہے، جسے سب سے زیادہ ضروری ہے،اسے سب سے پہلے کورونا کا ٹیکہ لگے گا۔ جسے کورونا انفیکشن کا رسک سب سے زیادہ ہے، اسے سب سے پہلے ٹیکہ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں اس طرح کی اور اتنے بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری مہم پہلے کبھی نہیں چلائی گئی۔دنیا کے 100 سے بھی زیادہ ملک ایسے ہیں، جن کی تعداد تین کروڑ سے بھی کم ہے اور ہندوستان اپنے پہلے مرحلے میں ہی 3 کروڑ لوگوں کوٹیکہ لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے کووڈ -19 ویکسینیشن شروع ہوگیا ہے۔ اتنےکم وقت میں یہ صرف وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیشی اور منظم کوششوں کی وجہ سے ہی ممکن ہوپایا ہے۔ ریاست کو 5 لاکھ سے زیادہ ویکسین ڈوز موصول ہوچکے ہیں۔ ان کوششوں کے لئے وزیر اعظم کو مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے ہی بحران کو پہچان لیا تھا اور ٹاسک فورس بنا دیا تھا۔ وزیر اعظم کی اپیل پر سبھی متحد ہوئے۔ ہم نے بھی اسے مدھیہ پردیش میں آؤٹ آف کنٹرول نہیں ہونے دیا۔ کووڈ-19 سے شہریوں کو بچانے کےلئے سبھی ضروری انتظامات کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ چوہان نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ویکسین سنجیونی بوٹی جیسی ہے۔ مدھیہ پردیش میں پہلے مرحلہ میں تقریباً 4 لاکھ 17 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرس کو مرحلے وار طریقے سے ویکسینیٹ کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش کے 150 ہیلتھ اداروں پر بھی ویکسینیشن شروع کیا جائے گا۔ ٹیکہ کاری کے لئے خوشی کے ماحول کے درمیان ایک فیسٹیول سا ماحول تیار کیا گیا ہے۔ متعلقہ ٹیکہ کاری مراکز کو کافی سجایا اور سنوارا گیا ہے۔ ویکسین کو محفوظ رکھنے کے لئے بھی ضروری تدابیر اختیار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’کووڈشیلڈ‘ اور ’کوویکسین‘ دونوں پوری طرح محفوظ ہیں۔ انہوں نے سبھی شہریوں، عوامی نمائندوں، میڈیا کے دوستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویکسین کے بارے میں کسی گمراہ کن معلومات یا افواہ کو پنپنے نہیں دیں اور اس مہم کو سبھی مل کر کامیاب بنانےمیں تعاون کریں۔