وزیر اعلیٰ نے دھان کی خریداری سے متعلق جائزہ میٹنگ کی

Taasir  Urdu  News  Network  |  Patna  (Bihar)   on  28-January-2021

پٹنہ: وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے ایک انے مارگ واقع نیک سنواد میں خریف موسم 2020-21 میں دھان خرید سے متعلق جائزہ میٹنگ کی ۔ میٹنگ میں کوآپریٹو محکمہ کی سیکریٹری محترمہ وندنا پریسی نے دھان خرید کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی جانکاری دی ۔ انہوں نے دھان خرید کا موجودہ مالی پہلو ،دھان خرید میں کسانوں کی موجودہ تعداد ، ضلع سطح پر خرید کے نشانہ کے برعکس فراہمی کے ساتھ ساتھ خرید سے منسلک دیگر نکات پر جانکاری دی ۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی ایم علاقہ کا دورہ کریں اور کسانوں سے ملاقات کر کے حقیقی صورت حال کی جانکاری لیں تاکہ جو بھی خواہشمند بچے ہوئے ہیں کسان ہیں ان کی زیادہ سے زیادہ دھان کی خریداری ہوسکے ۔ باقی ماندہ کسانوں کا سروے کرائیں اور علاقہ میں دھان کی فراہمی کا بھی سروے کرائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگ کسانوں کے مفاد میں کام کررہے ہیں ۔ کسانوں اور پیکس کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے لیے حکام الرٹ رہیں ، پیکس اور چاول ملوں کی اسٹوریج کی صلاحیت کا تخمینہ لگا کر اس کی توسیع کریں ۔ جن علاقوں میں دھان کی خریداری کم ہوئی ہے ان کے اسباب کا پتہ لگائیں اور زیادہ سے زیادہ خواہشمند کسانوں سے دھار خرید ہو یہ یقینی بنائیں ۔ دھان خرید کے بعد کسانوں کی ادائیگی جلد کر دیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف علاقوں سے کسانوں کی طرف سے مطالبہ ہو رہا تھا کہ دھان کی خریداری کے وقت کی مدت بڑھا دی جائے ۔ اسے دیکھتے ہوئے دھان خریداری کے وقت کی مدت کو 21فروری 2021 تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی خواہشمند کسان دھان کو فروخت کر نے سے محروم نہ رہ سکے ۔ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے تمام اضلاع کے ڈی ایم جائزہ میٹنگ سے منسلک تھے ۔ اورنگ آباد ،گیا ، بھوجپور، بکسر ، نالندہ ، پٹنہ ، کیمور ، روہتاس ، بانکا ، سپول ، نوادہ ، ارول ، جہان آباد ، مشرقی چمپارن ، مغربی چمپارن اور لکھی سرائے ضلع کے ڈی ایم نے اپنے اپنے ضلع کے دھان خریداری کی موجودہ صورت حال کی جانکاری وزیر اعلیٰ کو دی ۔میٹنگ میں بجلی و فوڈ صارفین تحفظ کے وزیر جناب بجندر پرساد یادو ، چیف سیکریٹری مسٹر دیپک کمار ، سیکریٹری فوڈ و صارفین تحفظ جناب ونئے کمار، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری مسٹر انوپم کمار ، کوآپریٹو محکمہ کی سیکریٹری محترمہ وندنا پریسی ، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔