پٹنہ کے نئے کیمپس میں جشن یوم جمہوریہ تزک و احتشام کے ساتھ منعقد

Taasir  Urdu  News  Network  |  Patna  (Biharl)  on  27-January-2021

پٹنہ: ء؁72ویں جشن یوم جمہوریہ کے موقع پر مولانا مظہرالحق عربی و فارسی یونیورسٹی، پٹنہ کے میٹھا پور واقع اپنے نئے کیمپس میں پرچم کشائی کی تقریب نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ یونیورسٹی کے معزز وائس چانسلر پروفیسر خالد مرزا نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔ وائس چانسلر موصوف نے اس موقع پر طلباء ، اساتذہ اور کارکنان یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہندوستان کے جمہوری اور سیکولر آئین کے تحفظ اور اس کی بالا دستی کے تئیں تجدید عہد کا دن ہے۔ یہ ہمارے لئے بلا شبہہ فرحت و انبساط اور مسرت و شادمانی کا موقع ہے کہ آج ہم اپنے نئے کیمپس میں پرچم کشائی کر رہے ہیں۔ یہ ہم سب کی مشترکہ کاوشوں ،کوششوںاور محبتوں کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر عید محمد انصاری یوم جمہوریہ کی اہمیت ، افادیت اور ضروریات پر عالمانہ انداز میں پرکشش اورموئثرگفتگو کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اتنا خوبصورت ہے، دل کش ہے، تاریخی ہے کہ ہمارے ملک میں حضرت امام حسین نے ایک موقع پر آنے کی خواہش ظاہر کی تھی ۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار کرنل کامیش کمار نے یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں پہلے یوم جمہوریہ تقریب منانے کے لئے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اتنی خوبصورت اورشاندار بلڈنگ ملی ہے ۔ ہمیں ایک جذبے کے تحت ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا اور ایک رول موڈل بنانا ہوگا اور وہ رول موڈل ہے جامعہ ملیہ اسلامیہ۔ ہمیں پوری توانائی، کڑی محنت ، دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور جب ہم ایسا کریں گے تو ضرور ہمیں کامیابی ملے گی اور ہم اپنے رول موڈل سے بھی آگے بڑھتے ہوئے نظر آئیں گے۔