کشن گنج میں ’’ویدانتا ہسپتال‘‘ کا افتتاح عمل میں آیا

Taasir Urdu News Network | Kishanganj (Bihar)  on  19-January-2021

کشن گنج : کشن گنج ڈے مارکیٹ اسپتال روڈ میں ویدانتا ہسپتال کا افتتاح عمل میں آیا، ڈاکٹر وید کے والد سماجی کارکن انیل کمار آریہ نے فیتہ کاٹ کر اسپتال کا افتتاح کیا۔ ڈاکٹر تارا شویتا کے سسر انیل کمار آریہ نے کہا کہ آج میرا برسوں کا سپنا پورا ہوا ہے۔ آئی بی ایف اسپیشلسٹ ڈاکٹر تارا شویتا نے کہاکہ بھلے ہی وہ کشن گنج میں بہو بن کر آئی ہیں؛ لیکن بیٹی بن کر سیمانچل کی خدمت کرتی رہیں گی، انہوں نے بتایا کہ چار سو اڑتالیس بانجھ پن کی شکار خواتین کو اب تک انہوں نے اولاد کی راحت سے ہمکنار کیا ہے اور آگے بھی ان کی یہ مہم جاری رہے گی۔ اس موقع پر ’’امن انسانیت فاؤنڈیشن‘‘ کے صدر اور اقصیٰ ایڈورٹائزنگ کشن گنج کے ڈائیریکٹر مولانا ابو سالک ندوی بھی مدعو رہے۔ مولانا نے کہا کہ سماجی کارکن انیل کمار آریہ ، ڈاکٹر وید اور ڈاکٹر تارا شویتا کی جد و جہد سے یہ ہسپتال بن کر تیار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وید اور ڈاکٹر تارا شویتا کشن گنج جیسے شہر میں انسانیت اور بھائی چارہ کی مثال ہیں، ڈاکٹر تارا شویتا نے ہرمیدان سے عوام اور خاص کر خواتین کی خدمت کی ہے اور وہ خواتین کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں؛ بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ مولانا ابو سالک ندوی نے کہا کہ ڈاکٹر تارا شویتا ایک نیک دل خاتون ہیں اورہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ کشن گنج کی بہو بن کر سیمانچل کی خدمت کر رہی ہیں۔ اس موقع پر مولانا ابوسالک ندوی نے ڈاکٹر وید اور ان کی فیملی کو مبارکباد پیش کی۔