کوئی نہیں چاہتا گرل فرینڈ یا بیوی سب کی نگاہوں کا مرکز ہو:بھاگیہ شری

Taasir Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra)  on  07-January-2021

ممبئی : سلمان خان کی 31 سال قبل ہٹ ہونے والی پہلی فلم میں نے پیار کیا سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ بھاگیا شری نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کے حوالے سے تفصیلات بتائی ہیں۔ خیال رہے کہ بھاگیا شری نے فلم’ میں نے پیار کیا ‘سے ڈیبیو کیا تھا اور اس فلم سے انہیں بے پناہ شہرت حاصل ہوئی تھی تاہم اگلے ہی سال انہوں نے کم عمری میں شادی کرلی اور ایسے وقت فلم انڈسٹری سے دور ہوگئیں جب وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔ شادی کے بعد وہ اپنے شوہر اداکار اور فلمساز ہمالیہ دسانی کے ساتھ 3 فلموں میں جلوہ گر ہوئیں تاہم یہ فلمیں کامیاب نہ ہوسکیں، اس کے بعد وہ چند ایک تامل فلموں میں بھی نظر آئیں۔ایک انٹرویو میں بھاگیا شری کا کہناتھا کہ شادی کے بعد’ میں نے پیار کیا‘کے ہدایت کار سورج برجاتیہ ان کے پاس ایک فلم کا اسکرپٹ لے کر آئے تاہم ان کے منع کرنے کے بعد وہ 7مرتبہ اس میں تبدیلیاں کرکے آتے رہے لیکن پھر میں نے آٹھویں بار منع کردیا کہ میں واپس فلموں میں کام نہیں کرسکتی۔بھاگیا شری کا کہناتھا کہ میں اس وقت بمشکل 19 سال کی تھی اور مجھے سمجھ نہیں تھی کہ جو مجھے خدا نے دیا ہے اس کے لیے لوگ ساری زندگی کوشش کرتے ہیں۔ادکارہ کا کہنا تھا کہ میرے فلم انڈسٹری چھوڑنے پر مداح میرے شوہر کو خوب کوستے ہوں گے کہ ان کی وجہ سے میں فلموں سے دور ہوئی، اس وقت ہر کوئی میرے شوہر کو برا کہہ رہا تھا لیکن صرف میں تھی جو اپنے شوہر سے پیار کرتی تھی، ہم دونوں جوان تھے اور ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے،اب مجھے سمجھ آگیا ہے کہ حسد سے بچنا مشکل ہے اور کوئی نہیں چاہتا کہ آپ کی گرل فرینڈ یا بیوی سب کی نگاہوں کا مرکز ہو۔