Taasir Urdu News Network | Patna (Bihar) on 16-February-2021
پٹنہ : پٹرولیم کمپنیوں کے ذریعہ ایندھن گیس اور پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر کیچن کے ساتھ ساتھ لوگوں کے سفر پر بھی پڑنا شروع ہوگیا ہے ۔ گزشتہ 15دنوں میں رسوئی گیس کی قیمت میں 75روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ وہیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے اب سفر بھی مہنگا ہوگیا ہے ۔ راجدھانی پٹنہ کے لوگوں کے جیب پر ایک بار پھر سے مہنگائی کی مار پڑرہی ہے ۔ پٹرول ڈیزل کی قیمت میں لگاتار اضافہ کے بعد پٹنہ میں آٹو کرایہ بھی 30فیصد بڑھا دیا گیا ہے یعنی اوسطاً ہر روٹ پر چلنے والے آٹو کا کرایہ پہلے سے تین روپئے زیادہ دینا ہوگا ۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ افسر ڈی ٹی او کی جانب سے آٹو کے اضافی کرائے کے سلسلے میں ایک لیٹر بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ پٹنہ کے بیشتر روٹ میں بڑھا ہوا کرایہ نافذ ہوگیاہے ۔ حالانکہ ابھی بھی کچھ آٹو ڈرائیور مسافر سے بڑھا ہوا کرایہ نہیں وصول رہے ہیں ۔ آٹو ڈرائیور کا کہنا ہے کہ وہ کل یعنی منگل سے بڑھا ہوا کرایہ مسافروں سے لیں گے ۔ راحت والی بات یہ ہے کہ نیا ریٹ صرف آٹو کیلئے ہی آیا ہے ۔ یعنی بسوں سے سفر کرنے والوں کو فی الحال ابھی راحت ہے ۔ محکمہ نے بسوں کے کرائے میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔ساتھ ہی مسافروں کی سہولت کیلئے پٹنہ میں سبھی روٹوں پر بسیں چلائی جارہی ہیں۔ اندازے کے مطابق راجدھانی پٹنہ کے سڑکوں پر 30ہزار سے زیادہ آٹو رکشہ چلتے ہیں جس میں 17ہزارڈیزل اور 13ہزار پٹرول والے ہیں ۔ نئے نظام کے تحت پٹنہ میں بیشتر آٹو بھی سی این جی سے چل رہے ہیں ۔ یوں تو پٹنہ میں ہر روٹ کیلئے آٹو چلتے ہیں اس میں خاص طور سے اسٹیشن ، بس اڈہ اور ایئر پورٹ کا علاقہ ہے ۔ آٹوکرایہ میں ہورہے اضافے کو لیکر مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو عام لوگوں کا دھیان رکھنا چاہئے لگاتار پٹرول سمیت دیگر سبھی سامانوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کا خمیازہ ہمیں ہی بھگتنا پڑرہا ہے ۔ اضافی کرایہ اس طرح ہے ، ہنوما نگر سے پٹنہ جنکشن پہلے 12اور اب 15، کنکر باغ سے پٹنہ جنکشن 10سے 13، پٹنہ جنکشن سےبورنگ روڈ 12سے 15، راجہ پور سے پٹنہ جنکشن 14سے 16، پٹنہ جنکشن سے پاٹلی پترا 17سے 19، پٹنہ جنکشن سے ہڑتالی موڑ 12سے 14، پٹنہ جنکشن سے آشیانہ موڑ 17سے 20، پٹنہ جنکشن سے گردنی باغ 10سے 12، پٹنہ جنکشن سے راجندر نگر 10سے 12اور پٹنہ جنکشن سے اگم کنواں 15سے 17روپئے کردئے گئے ہیں ۔