ادارہ ادب اسلامی دربھنگہ کی ماہانہ شعری نشست

Taasir  Urdu  News  Network  |  Darbhanga  (Bihar)   on  23-February-2021

دربھنگہ : ادارہ ادب اسلامی دربھنگہ شاخ کی ماہانہ ادبی و شعری نشست اقراء اکیڈمی ، بی بی پاکر کے کانفرنس ہال میں گزشتہ ۲۱؍فروری ۲۰۲۱ء کو منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈاکٹر خالد سجاد (صدر، شعبۂ اردو، کنور سنگھ کالج ، دربھنگہ ) نے کی جب کہ نظامت کے فرائض ادارہ کے سکریٹری نصیر احمد عادل نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس پروگرام کا آغاز حافظ قیام اللہ کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس میں شعر اکے علاوہ کچھ سامعین بھی موجود تھے۔ جن لوگوں نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا ان کے نام اور کلام ذیل میں لوگوں کی تسکین کے لیے درج ہیں :منظر صدیقی (اچھی لگتی ہے سب کو تنہائی … اب کہاں کوئی ساتھ چلتا ہے ) ، نصیر احمد عادل (اپنے گلے سے اس نے ہے بڑھ کر لگا لیا … اردو زباں کی جو بھی لطافت سمجھ گئے) ، انعام الحق بیدار ایڈوکیٹ ( امنگ و عزمِ مصمم کا ہی نتیجہ ہے … ہوا ہے تند پرندہ مگر اڑان میں ہے ) ، شبیر انصاری راج (فون پر وعدہ کیا یار میرا آئے گا … دور ہوتا جارہا ہے آدمی سے آدمی) ۔ جناب احتشام الحق نے یومِ مادری زبان کی یاد دلاتے ہوئے فرمایا کہ انسان مادری زبان میں ہی خواب دیکھتا ہے ۔ لہٰذا ہمیں ہر حال میں مادری زبان کی حفاظت کرنی چاہیے۔ اخیر میں موصوف نے دادی اماں کی الماری کے عنوان سے ایک چھوٹی مگر پیاری سی نظم بھی پیش کیا۔ صدرِ نشست ڈاکٹر خالد سجاد نے صدارتی گفتگو میں فرمایا کہ ہم ادیبوں و شاعروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے کلام کے ذریعہ ایک مضبوط خاندان اور بہتر معاشرے کی تشکیل کی کوشش کریں کیوں کہ ادیب و شاعر سے پہلے ہم مسلمان ہیں۔ بزم کے سکریٹری کے اظہارِ تشکر کے ساتھ اس نشست کا اختتام ہوا۔