اداکارہ پائل سرکار نے بی جے پی کا پرچم تھاما

Taasir  Urdu  News  Network  |  Kolkata  (West Bengal)   on  25-February-2021

کولکاتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل ، بھارتیہ جنتا پارٹی کی مغربی بنگال یونٹ فلمی ستاروں سے سجنے لگی ہے۔ اداکارہ پائل سرکار نے جمعرات کو بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور ریاستی صدر دلیپ گھوش کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ ریاستی صدر گھوش نے انہیں بی جے پی کا جھنڈا سونپا۔ اس موقع پر پائل نے کہا کہ وہ بنگال کی ترقی اور عوام کی خدمت کے لئے بی جے پی میں آئی ہیں۔ اداکارہ نے ایسے وقت میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے جب بی جے پی نے سونار بنگلہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کے تحت ، بنگال کی بہتری کے لئے ریاست بھر کے دو کروڑ لوگوں سے تجاویز مانگی جارہی ہیں۔ کلکتہ میں پیداہوئی پائل سرکار نے درجنوں بنگالی فلموں اور ہندی ٹی وی میں اداکاری کی ہے۔ وہ بہت ساری ویب سیریز میں بھی کام کر چکی ہیں۔ ریاستی بی جے پی ذرائع نے بتایا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران اداکارہ پائل سرکار پارٹی کی اسٹار پرچارک ہوں گی۔