دھان خرید معاملے پر حزب مخالف کا ایوان سے واک آئوٹ

Taasir  Urdu  News  Network  |  Patna  (Bihar)   on  23-February-2021

پٹنہ: حزب مخالف عظیم اتحاد کے ممبران نے آج ایوان میں دھان کی خریداری اور اس کی تاریخ میں توسیع کے سوال پر زوردار ہنگامہ کیا اور حکومت پر کسان مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کیا ۔ عظیم اتحاد کی حلیف پارٹیاں آر جے ڈی ، کانگریس بھاکپا مالے سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیاں حکومت کو مختلف مسائل کو لیکر گھیرنے کا موقع نہیں چھوڑ رہے ہیں ۔ آج اسمبلی میں دھان کی خریداری اور تاریخ میں توسیع کو لیکر جم کر ہنگامہ کیا۔ اس پر حکومت کے جواب سے ناراض ممبران اسمبلی نے ایوان سے واک آئوٹ بھی کیا ۔ اس بیچ وزیر زراعت امریندر پرتا پ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بہار میں 21فروری تک 5.35لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ کی خریداری ہوئی ہے ۔ یہ اب تک کی سب سے زیادہ خرید ہے ۔ لہذا اب دھان کی خریداری کی تاریخ بڑھانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ معاملہ اٹھاتے ہوئے آر جے ڈی کے سدھاکر سنگھ نے دھان خرید کی تاریخ 25مارچ تک بڑھانے کی مانگ کی ۔ جواب میں وزیر زراعت امریندر پرتا پ نے کہا کہ ریاست میں اصل کسان کے پاس اب دھان نہیں ہے ۔ایسے میں ملر اور بچولیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے تاریخ نہیں بڑھائی جاسکتی ہے۔ اس معاملے پر حزب مخالف کے لیڈر تیجسوی یادو نے بھی بات رکھی ۔ انہو ںنے الزام لگایا کہ حکومت اب اور دھان نہیں خرید سکتی ہے اس معاملے میں حکومت کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔ معاملہ میں حکومت کے جواب سےناراض اپوزیشن ممبران ایوان سے واک آئوٹ کیا ۔