لال قلعہ پر تشدد کے دوران تلوارلہرانے والا گرفتار

Taasir  Urdu  News  Network  |  New Delhi  (India)   on  17-February-2021

نئی دہلی : لال قلعہ پر تشدد کے دوران ، ایک شخص کو جس کے ہاتھ میں تلوار تھی اسے دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے دہلی کے پیتم پورہ سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اس کے گھر سے دو تلواریں بھی برآمد کی ہیں، جنہیں اس نے لال قلعے پر تشدد کے دوران استعمال کیا تھا۔ ملزم کی شناخت منندر سنگھ عرف مونی کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کا تعلق سوروپ نگر کی سندھی کالونی سے ہے اور وہ پیشے سے میکینک ہے۔ لال قلعہ پر تشدد کیس کی تحقیقات دہلی پولیس کے خصوصی سیل کے ذریعہ کی جارہی ہے۔ اسپیشل سیل کو اطلاع موصول ہوئی کہ منندر سنگھ جو سوروپ نگر کا رہائشی ہے ، لال قلعہ تشدد میں ملوث ہے۔ اس واقعے کے وقت تلوار لہراتے ہوئے اس کی ایک تصویر بھی سامنے آئی تھی۔ معلوم ہوا کہ وہ منگل کی رات پیتم پورہ میں سی ڈی بلاک بس اسٹاپ کے قریب آئے گا۔ اس اطلاع پر پولیس ٹیم نے چھاپہ مارا اور اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس ٹیم اسے اس کے گھر لے گئی جہاں سے دونوں تلواریں برآمد ہوئی ہیں جسے اس نے لال قلعے پر لہرایا تھا۔