پٹرول۔ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف میں سائیکل سے اسمبلی پہنچے تیجسوی

Taasir  Urdu  News  Network  |  Patna  (Bihar)   on  26-February-2021

پٹنہ: پٹرول۔ ڈیزل اور گھریلو گیس سلینڈروں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور مہنگائی کے خلاف میں اپوزیشن لیڈراور آرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو سائیکل پر اسمبلی پہنچے۔ واضح ہو کہ ابھی بہار بجٹ کا اجلاس چل رہا ہے۔ اس سے قبل بھی پٹنہ کی سڑکوں پر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کسان تحریک کی حمایت اور پٹرول ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ٹریکٹر چلاتے ہوئے اسمبلی مارچ کیا تھا۔ حالانکہ تب سیکوریٹی اہلکار نے ٹریکٹر کو اسمبلی احاطہ سے پہلے ہی روک دیا تھا۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران سابق نائب وزیر اعلی ، اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی رہنماء تیجسوی یادو نے بہار میں نوکری اور روزگار کے معاملے پر مرکز کی مودی حکومت کے ساتھ ساتھ نتیش حکومت کوبھی گھیرا ہے۔ تیجسوی نے طنز کستے ہوئے لکھا ہے کہ کاٹھ کی ہانڈی بار بار نہیں چڑھتی ۔ نوکری کے نام پر ایک کاٹھ کی ہانڈی مرکزی حکومت نے چڑھائی تھی ، 2 کروڑ نوکری ہر ایک سال والی، تب سے نوکری کے نام پر وہ پکوڑے تلوانے کی تجویز پیش کی۔ اب دوسری 20 لاکھ نوکری والی ہانڈی حکومت بہار نے چڑھائی ہے جس کے بعد سے نوکری لفظ ان کے لغت سے غائب ہے۔ اس سے ایک دن قبل تیجسوی نے روزگار کے معاملے پر بہار حکومت کا گھیراؤ کیا تھا اور ٹویٹ کیا تھا کہ – نتیش حکومت کا نہ تو روڈ میپ ہے اور نہ ہی نوجوانوں کو 20 لاکھ نوکریاں دینے کا ویزن ہے۔ بجٹ میں آئی ٹی ، فوڈ پروسیسنگ کا بھی ذکر نہیں!ہوا ہوائی پیپر بازی اور جملے بازی پر چل رہی حکومت بہار بس سبز باغ دیکھانا جانتی ہے مگر اسے عملی جامہ پہنانے کی نہ اس کے پاس ویزن ہے اور نہ ہی خواہش۔