پٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں کے خلاف رابرٹ واڈرا سائیکل سے پہنچے دفتر

Taasir  Urdu  News  Network  |  New Delhi  (India)   on  22-February-2021

نئی دہلی: ہندوستان میں پٹرول اورڈیزل کی اضافی قیمتوں کے خلاف احتجاج کے طور پر بزنس مین اور پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا نے پیر کو اپنے دفتر سائیکل سے پہنچے ۔ انہوں نے خان مارکیٹ سے اپنے دفتر تک سائیکل چلایا۔ اس دوران ان کا اسٹاف بھی ان کے ساتھ نظر آیا ۔ رابرٹ واڈرا نے پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں پر مودی سرکار کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنی اے سی کار سے نکل کر باہر دیکھنا چاہئے کہ لوگ کس طرح پریشان ہیں، یہ دیکھ کر شاید وہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں کمی کر یں، واڈرا نے کہا کہ اب تک وزیر اعظم مودی نے ہرکا م کے لیے گزشتہ حکومتوں کو مورد الزام ٹھہراکر اپنے آپ کو بچنے کی کوشش کی ہے۔ رابرٹ واڈرا کے مطابق عام آدمی بہت پریشانی میں ہے۔ وہ ہر روز جومحسوس کرتے ہیں ، آج میں بھی محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے لوگ سڑک پر آگئے ہیں۔ واضح رہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیر کے روز پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول 90.58 روپئے فی لیٹر پر رہا جبکہ ڈیزل 80.97 روپئے فی لیٹر پر رہا۔ اس سے قبل ہفتے کے روز تک ایندھن کی قیمت میں مسلسل 12 بار اضافہ ہوا تھا۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں پٹرول 100 روپئے سے تجاوزکرچکا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد راجستھان اور مدھیہ پردیش میں پٹرول 100 روپئے سے تجاوز کر گیا ہے۔ جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایندھن کی اعلی قیمتوں کے خلاف ملک کے بہت سے علاقوں میں مظاہرے بھی ہورہے ہیں۔