ایک سال کے اندر چھائونی پریشد سے ہٹ جائے گارام گڑھ شہر : جینت سنہا

تاثیر اردو نیوز نیٹ ورک
راشد ایاز

رامگڑھ ، 13 مارچ ۔

رام گڑھ شہر ایک سال کے اندرچھائونی پریشد ایریا کی فہرست سے نکل جائے گا۔ اس کے بعد ، رام گڑھ شہر کو سٹی کونسل میں شامل کیا جائے گا۔سنیچر کے روز رام گڑھ سے یہ بات ہزاریباغ کے رکن پارلیمنٹ جینت سنہا نے کہی۔ میڈیا اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھائونی پریشد علاقہ سے ڈی نوٹیفکیشن کے لئے بریگیڈیرکے ذریعہ سینٹرل کمانڈ کو ایک تجویز بھیجی گئی ہے۔ جلد ہی سنٹرل کمانڈ اپنی رپورٹ تیار کرکے وزارت دفاع کو بھیجے گا۔ جینت سنہا نے کہا کہ انہوں نے وزیر دفاع سے بات کی ہے۔ وزیر دفاع کو بتایا گیا ہے کہ رام گڑھ شہر میں تقریبا 2.5 ڈھائی لاکھ آبادی رہ رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں یہاں ترقی ہونابہت ضروری ہے۔ چھائونی پریشد ایریا ہونے کی وجہ سے یہاںکا ترقیاتی کام نہیں ہوپارہاہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ جس طرح ڈی نوٹیفیکیشن کا عمل بڑھ رہا ہے ، انہیں امید ہے کہ ایک سال میں رام گڑھ میونسپل کونسل علاقے میں شامل ہوجائےگا۔

رام گڑھ میں اسپتالوں کے مابین عمارت کی تعمیر شروع ہوگی

رکن پارلیمنٹ جینت سنہا نے کہا کہ رام گڑھ صدر اسپتال اور دیگر اسپتالوں کی 20 عمارتوں کی تعمیر بھی نامکمل ہے۔ انہوں نے ڈی سی سندیپ سنگھ کے ساتھ میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈز کی الاٹمنٹ بھی ہوچکی ہے۔ جلد ہی ان تمام عمارتوں کا نامکمل کام مکمل کرلیا جائے گا۔

نیو بس اسٹینڈ کے پیچھے بنے گا ڈیلی مارکیٹ

رکن پارلیمنٹ جینت سنہا نے کہا کہ رام گڑھ شہر کاڈیلی مارکیٹ بھی جلد ہی منتقل کردیا جائے گا۔ فی الحال سبزی فروشوں کو فٹ بال گراؤنڈ میں دکان لگانی پڑرہی ہے۔ لیکن ضلعی انتظامیہ نے پھلوں اور سبزی فروشوں کے لئے بہتر مارکیٹ بنانے کا فیصلہ لیاہے۔ ڈیلی مارکیٹ رام گڑھ شہر میں نئے بس اسٹینڈ کے پیچھے تعمیر کی جائے گی۔ ہر سبزی فروش کو 8 فٹ بائ 8 فٹ کی جگہ دی جائے گی۔ نیز ، وہاں پر ایک سیڈ تعمیر کی جائے گی ، تاکہ سورج اور بارش کی وجہ سے کسی کو تکلیف نہ ہو۔ یہاں ٹریفک کا بھی مکمل انتظام ہوگا تاکہ صارفین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تاثیر اردو نیوز نیٹ ورک

راشد ایاز