چوتھے ٹیسٹ میں بھی ہونی چاہئے اسی طرح کی پچ : ویوین رچرڈز

Taasir  Urdu  News  Network  |  New Delhi  (India)   on  01-March-2021

نئی دہلی : اب تک تیسرے ٹیسٹ میچ کی پچ پر بات کی جا چکی ہے ، لیکن ویسٹ انڈیز کے بلے باز ویوین رچرڈز نے کہا ہے کہ وہ سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں بھی اسی طرح کی پچ دیکھنا چاہیں گے۔ ہندوستان نے دو دن میں گلابی گیند سے کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ جیت لیا۔ اس میچ میں اسپنرز کا جلوہ رہا ۔ روہت شرما کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اس پچ پر ٹھہر نہیں سکا۔ ناقدین نے اس طرح بلے بازوں کی ناکامی کے لئے پچ کو مورد الزام قرار دیا ہے۔دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے کہا ہے کہ پچ میں کوئی نقص نہیں تھا۔ یہاں تک کہ کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے بلے بازوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، جس کی وجہ سے میچ دو دن کے اندر ہی ختم ہوگیا ، اسپنر آر اشون نے بھی یہی کہا تھا کہ پچ میں کوئی خرابی نہیں ہے۔ مزید اب رچرڈز نے کہا ہے کہ بلے بازوں کو خود کو ایسے حالات کے لئے تیار کرنا چاہئے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی اسی طرح کی پچ تھی ، جس پر روہت اور اشون نے سنچریاں بنائیں۔ویوین رچرڈز نے فیس بک پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کہاکہ مجھ سے حال ہی میں ہندوستان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے بارے میں سوالات پوچھے گئے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کے بارے میں سوالات پیدا ہوئے ہیں اور میں واقعی اس سوال کے بارے میں تھوڑا سا الجھا ہوا ہوں ، کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ وہ جس وکٹ پر کھیل رہے تھے اس کے بارے میں وہ بہت زیادہ باتیں کر رہے ہیں۔ مجھے رائے یہ ہے کہ ایسی صورتحال سے کس طرح نمٹناہے، اس کا حل تلاش کرنا ہوگا ۔