15ضلعوں میں اسپتال ، ٹریننگ سنٹر اور ہاسٹل بھی بن کرتیار :منگل پانڈے

Taasir  Urdu  News  Network  |  Patna   (Bihar)   on  01-March-2021

پٹنہ : بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے نے کہا کہ ریاست میں طبی خدمات کے سلسلے کواور مضبوط کرنے کیلئے آنے والے دنوں میں تقریباً 209کروڑ روپئے کا تحفہ بہار کے لوگوں کو ملے گا ۔ اس رقم سے صوبہ کے 15ضلعوں میں اسپتال سمیت خدمات کےمختلف شعبوں کی عمارتیں بن کر تیار ہے جن کا جلد ہی افتتاح کیا جائے گا۔وزیر صحت نے آج یہاں بتایا کہ خود کفیل بہار کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں ان عمارتوں کا اہم رول ہوگا ۔ ریاست کے گیا ، مشرقی چمپارن ، سپول ، لکھی سرائے ، مدھوبنی ، جہان آباد ، شیخ پورہ ، مدھے پورہ ، مونگیر ، بیگوسرائے ، اورنگ آباد ، بھوجپور ، سیتامڑھی ، پورنیہ اور پٹنہ میں مختلف فنون کی تربیت پانے والوں ، اسپتالوں اور طلبہ کیلئے عمارتیں بنائی گئی ہیں ۔ آکزیلری نرس مڈ وائفر (اے این ایم )کیلئے شیر گھاٹی مدھے پورہ اور حویلی کھڑگ پور ، مونگیر میں 90.18کروڑ روپئے کی لاگت سے ٹریننگ انسی چیوٹ اور 65-65بیڈ کا ہاسٹل بن کر تیار ہے ۔ اسی طرح مشرقی چمپارن ، گیا ، سپول ، اور لکھی سرائے میں جنرل نرسنگ اینڈ مڈ وائفری (جی این ایم )ٹریننگ سنٹر اور 33.63کروڑ کی لاگت سے150بستر کا ہاسٹل بن چکا ہے ۔ پانڈے نےکہا کہ اسی طرح پٹنہ اور گیا میں 100-100بیڈکا زچہ بچہ اسپتال کی تعمیر کرائی گئی ہے جسے جلد ہی عوام کو سونپا جائے گا۔ نوتعمیر عمارتوں کی توسیع کی جانکاری دیتے ہوئے ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ انوگرہ نارائن میڈیکل کالج اسپتال گیا میں 49.26کروڑ کی لاگت سے بی ایس سی نرسنگ کالج اور 65بیڈ کا ہاسٹل ، موتیہاری صدر اسپتال میں 33.23کروڑ کی لاگت سے (جی این ایم )اور پارہ میڈیکل ٹریننگ انسٹی چیوٹ اور ہاسٹل ، گیا کے اے این ایم سی ایچ میں 30.13کروڑ کی لاگت سے جی این ایم ٹریننگ سنٹر اور ہاسٹل ، سپول ضلع کے سکھ پور میں 35.13کروڑ کی لاگت سے جی این ایم ٹریننگ سنٹر اور ہاسٹل ، لکھی سرائے کے نون گڑھ میں 35.13کروڑ کی لاگت سے ویساہی سنٹر اور ہاسٹل بن کر تیار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مدھوبنی کے راگھوپور بلات ، جہان آباد کے گھوشی ریفرل اسپتال ، سپول اور شیخ پورہ ضلع مخدوم پور کے پرائمرہیلتھ سنٹر میں تقریباً 10-10کروڑ کی لاگت سے پارہ میڈیکل ٹریننگ انسٹی چیوٹ اور ہاسٹل کی تعمیر کرائی گئی ہے ۔ اسی طرح گیا ضلع کے شیر گھاٹی، مدھے پورہ کےاودا کشن گنج اور مونگیر ضلع کے حویلی کھڑگ پور میں 6-6کروڑ روپئے کی لاگت سے اے این ایم ٹریننگ انسٹی چیوٹ اور ہاسٹل ، بیگوسرائے ضلع کے تیگھڑا میں 05.13کروڑ روپئے کی لاگت سے سب ڈویزنل اسپتال ، نالندہ میڈیکل کالج اسپتال (پٹنہ )میں 64.13کروڑ کی لاگت سے 100بیڈ کا زچہ بچہ اسپتال اور اے این ایم سی ایچ (گیا)میں اتنے ہی بیڈ والے اسپتال کی تعمیر پر 25.13کروڑ کی لاگت آئی ہے ۔ پٹنہ واقع گورنمنٹ فارمیسی انسٹی چیوٹ میں بی اور ڈی فارما کے طلبہ کیلئے 44.18کروڑ روپئے کی لاگت سے 300بیڈ کا ہاسٹل بن کر تیا ر ہے ۔ پانڈے نے بتایا کہ پورنیہ اور موتیہاری واقع جی این ایم ٹریننگ سنٹر میں آر ٹی ۔ پی سی آر لیب کی ایک ایک کروڑ کی لاگت سے تعمیر کرائی گئی ہے ۔