پنجاب

بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی درانداز کو ہلاک کیا

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Punjab (Amritsar)  on 07-April-2021

امرتسر: 7 اپریل ، پنجاب میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اور امرتسر کی دیہی پولس نے مشترکہ آپریشن میں ایک پاکستانی درانداز کو ہلاک کردیا۔پولس نے آج یہاں بتایا کہ گزشتہ شب بی ایس ایف کے اہلکار سکیورٹی چوکی کاکڑ میں گشت کررہے تھے۔ اسی دوران فوجیوں نے خاردار تاروں کے نزدیک کچھ ہلچل محسوس کی۔ انہوں نے دیکھا کہ اسلحہ اور منشیات کے ساتھ ایک شخص پاکستان سے ہندوستان کی سرحد میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ جوانوں نے اس کو کھدیڑا، جس کے بعد وہ سکیورٹی فورس کی فائرنگ سے مارا گیا۔ سکیورٹی فورس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تلاشی مہم شروع کردی ہے۔ اس کے پاس سے 2 اے کے 47 اسالٹ، دو میگزین، 22 کلو ہیروئن، ایک موبائل فون، پلاسٹک پائپ اور پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔اس معاملے میں تھانہ لوپوکے میں گرداس پور کے دو اسمگلروں جگدیش بھورا اور جسپال سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیاہے۔ جگدیش بھورا فی الحال بیلجیئم میں ہے اور ملک مخالف سازشوں میں ملوث ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے بھی اس کے تعلقات ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی ایس آئی پاکستانی اسمگلر بلال کو مہرہ بنا کر سرحد پار سے ہتھیاروں کی کھیپ سپلائی کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ جسپال سنگھ کے بھی آئی ایس آئی سے تعلقات ہیں۔واضح رہے کہ چار روز پہلے بھی بی او پی پل موراں سے بی ایس ایف نے دو اے کے 47 سمیت دو کارتوس اور میگزین برآمد کیے تھے۔ امکان ہے کہ بی ایس ایف کے افسران اس معاملے میں پاک رینجرس کے عہدیداروں کے ساتھ فلیگ میٹنگ کریں گے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper