ریاست

‘جہاں جھگی وہاں مکان اسکیم میں تیزی لائیں: کیجریوال

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی، 8 اپریل (سید شمیم احمد) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کے روز جھگی بستیوں میں رہنے والے خاندانوں کے لئے جہاں جھگی وہاں مکان اسکیم کے تحت تعمیر کئے جانے والے مکانات کے پروجیکٹوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ کی، جس میں انہوں نے مذکورہ اسکیم کے تحت تیار ہونے والے فلیٹوں کی الاٹمنٹ میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اسکیم میں آنے والی کسی بھی پریشانی کو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ ہر پریشانی کو دور کرکے جھگی بستیوں میں رہنے والے کنبوں کو جلد از جلد فلیٹ میں منتقل کیا جاسکے اور وہ عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ جائزہ میٹنگ میں کابینہ کے وزیر ستیندر جین ، ڈی یو ایس آئی بی اور ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کے سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں واقع جھگی بستیوں میں رہنے والے خاندانوں کو فلیٹوں میں منتقل کرکے انہیں باعزت زندگی بسر کرنے کا موقع دینے کے لئے پرعزم ہے۔ دہلی کی حکوم ت جہاں جھگی ، وہاں مکان سکیم کے تحت جھگی بستیوں میں رہنے والے کنبوں کو دہلی کے مختلف علاقوں میں فلیٹ مہیا کررہی ہے۔ اسکیم کے تحت ، شہری شیلٹر بورڈ (ڈی یو ایس آئی بی) اور ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کے ذریعے پہلے مرحلے میں 52344 فلیٹ تعمیر کیے جارہے ہیں۔مسٹراروند کیجریوال نے میٹنک میں اس اسکیم کے تحت زیر تعمیر فلیٹوں اور اب تک الاٹ کردہ فلیٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران ، ڈی یو ایس آئی بی کے اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ وہ 18084 فلیٹ تعمیر کررہے ہیں۔ یہ تمام فلیٹ تقریبا تیار ہوچکے ہیں۔ میٹنگ میں موجود حکام نے بتایا کہ ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کے ذریعہ 34260 فلیٹ تعمیر کیے جارہے ہیں۔ ان میں سے 17660 فلیٹ تیار ہوچکے ہیں ، جبکہ 16600 فلیٹ زیر تعمیر ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ جھگی بستیوں میں مقیم بے گھر کنبوں کو 4833 فلیٹ الاٹ کردیئے گئے ہیں ، جبکہ 7031 فلیٹوں کا الاٹمنٹ زیر غور ہے اور انہیں جلد ہی الاٹ کردیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ جہاں جھگی وہاں مکان اسکیم کے تحت جھگی بستیوں میں رہنے والے بے گھر خاندانوں کے لئے تین مراحل میں 89400 فلیٹ تعمیر کیے جانے ہیں۔ یہ فلیٹ دہلی کے مختلف علاقوں میں تقریبا 237 ایکڑ اراضی میں تعمیر کیے جائیں گے۔ دہلی حکومت پہلے مرحلے میں 52344 فلیٹ تعمیر کررہی ہے اور یہ تمام فلیٹ 2022 تک تعمیر کرکے الاٹ کیے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں تقریبا 18 ہزار فلیٹ تعمیر کیے جانے ہیں۔ ان دونوں مرحلوں میں بنائے گئے فلیٹوں میں بے گھر خاندانوں کو منتقل کئے جانے کے بعد جو اراضی خالی بچیں گی، ان پر تیسرےمرحلے میں بقیہ فلیٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ تینوں مرحلوں کا کام 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper