Taasir Urdu News Network | Ontario (Canada) on 08-April-2021
ٹورنٹو:8اپریل، کرونا کے کیسز میں اضافے کے باعث کینیڈا کے صوبے انٹاریو میں جمعرات سے ایک ماہ کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔بدھ کو ٹورنٹو میں انٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ کا کہنا تھا کہ انٹاریو میں جمعرات سے چار ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گا جس کے تحت غیر ضروری اشیا کی خریداری کے لیے اسٹورز بند ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں صورتِ حال انتہائی سنجیدہ ہے اور ہمیں اسی وقت لاک ڈاؤن لگانے کی ضرورت ہے۔صوبے میں گروسری اسٹورز، فارمیسیز اور گارڈننگ سپلائرز کے علاوہ تمام ریٹیلرز چار ہفتوں کے لیے بند رہیں گے۔علاوہ ازیں شہریوں کو ضروری وجوہات بشمول ورزش، راشن کی خریداری اور ویکسی نیشن کے علاوہ گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کینیڈا کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے انٹاریو میں تمام ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق انٹاریو میں بدھ کو تین ہزار 215 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔