آر سی بی میں میرا کردار آسٹریلیائی ٹیم کی طرح ہے:گلین میکسویل

Taasir Urdu News Network | Chennai (TamilNadu)  on 15-April-2021

چنئی :،15؍ اپریل ،رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف نصف سنچری بنائی ۔ یہ میکسویل کی آئی پی ایل میں ساتویں نصف سنچری تھی جو ایک یا دو نہیں بلکہ پانچ سال کے وقفے کے بعد آئی۔ اسی کے ساتھ ہی حیدرآباد کے خلاف جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے رائل چیلنجرس بنگلور کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بھی ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔گلن میکسویل کا کہنا ہے کہ ان کا بنگلور ٹیم میں کردار آسٹریلیائی ٹیم کی طرح ہے۔ میکسویل نے آئی پی ایل کے آخری سیزن میں 13 میچوں میں 108 رنز بنائے تھے ، جس کے بعد پنجاب فرنچائز نے اسے اس سیزن کے لئے ریلیز کیا تھا اور بنگلور نے اسے بھاری رقم میں خریدا تھا۔ آر سی بی نے میکسویل کو 14 کروڑ 25 لاکھ روپئے میں خریدا تھا اور انہوں نے پہلے دو میچوں میں یہ ثابت کردیا ہے کہ کتنے بڑے کھلاڑی ہیں۔میکسویل جنہوں نے حیدرآباد کے خلاف 41 گیندوں میں 59 رنز بنائے تھے ، میچ کے بعد کہا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے۔ یہ میرے لئے ایک نئی فرنچائز ہے اور انہوں نے میرا کردار طے کیا ہے۔ میرے پیچھے جو بیٹسمین ہیں وہ بہترین ہیں اور میرا یہاں وہی کردار ہے۔ جو آسٹریلیائی ٹیم میں ہے۔