آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور

Taasir Urdu News Network | Lahore (Islamabad)  on 14-April-2021

لاہور:،14اپریل،لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔بدھ کو جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رْکنی بینچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 50، 50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ برس ستمبر میں منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزام میں شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا۔شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ اْنہیں سات ماہ جیل میں رکھنے کے باوجود نیب اْن پر کوئی الزام ثابت نہیں کر سکا۔شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت میں دلائل دیے کہ نیب سات ماہ گزر جانے کے باوجود ان کے موکل کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں لا سکا جب کہ ٹرائل بھی تاخیر کا شکار ہے۔اْنہوں نے موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کو آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس میں بھی ضمانت مل چکی ہے جب کہ ان کے موکل کو نیب نے جب بھی بلایا وہ پیش رہے ہیں۔نیب کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ حالیہ برسوں کے دوران شہباز شریف کے اثاثوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔
جب کہ وہ دورانِ تفتیش کئی سوالات کے جواب بھی نہیں دے سکے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے منگل کو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔