بزم صدف دوحہ چیپٹر نے اپنے سرپرست اعلی مرحوم صبیح بُخاری کی یاد میں انگریزی میڈیم طلباء کے لئے آن لائن اردو کلاس شروع کی

کل دوحہ مشاعرے میں دوحہ کے معروف شعراء کی شرکت

گزشتہ جمعہ کے روز بزم صدف دوحہ نے ایک آن لائن مشاعرہ منعقد کیا جس میں دوحہ کے سرکردہ شعراء نے شرکت کی۔ یہ پروگرام بزم صدف انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ جناب صبیح بُخاری صاحب مرحوم کی یاد میں، ۳ اپریل کو ان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا۔
پروگرام کا آغاز انجینئر سیف الرحمن نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ بزم صدف انٹرنیشنل کے چئیرمین جناب شہاب الدین احمد نے اپنی افتتاحی تقریر میں شرکاء کو بزم صدف کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور انگریزی میڈیم کے طلباء کے لئے بزم صدف دوحہ چیپٹر کی آن لائن اردو کلاس کو ایک خوش آئند قدم بتایا۔ آن لائن کلاس برطانیہ کی تجربہ کار استاذہ محترمہ میمونہ امین کی رہنمائی میں چلائی جائے گی، جنہوں نے پروگرام میں براہ راست مانچسٹر سے شرکت کی۔

بزم صدف دوحہ چیپٹر کے صدر ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش نے آن لائن اردو کلاس کی مزید تفصیلات بتائیں اور ساتھ ہی سال بھر کے لئے بزم صدف دوحہ کی ترجیحات کو واضح کیا۔ انہوں نے ادیبوں اور شعراء سے گذارش کی کہ نئی نسل کو اردو سے رغبت دلانے کے لئے ادب اطفال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بزم صدف دوحہ اس ضمن میں عملی اقدام کرے گی۔
معروف نقاد و ادب پروفیسر صفدر امام قادری نے جو بزم صدف انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر بھی ہیں، پروگرام کی صدارت کی۔ اپنے صدارتی خطبے میں اُنہوں نے بزم صدف کے سرپرست اعلی مرحوم صبیح بُخاری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جانے سے اردو کا ایک سچا عاشق اور بے لوث خادم ہم سے جدا ہو گیا۔ پروفیسر صفدر امام قادری نے بزم صدف دوحہ کی انگریزی میڈیم کے طلباء کو اردو سکھانے کی پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم قدم بتایا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس تجربے سے فائدہ اٹھا کر کچھ اور زبانوں میں بھی اردو کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

پروگرام کی مہمان خصوصی محترمہ صوفیہ بُخاری (اہلیہ صبیح بُخاری صاحب مرحوم) نے بزم صدف اور اردو سے اپنے خاوند کے تعلق کو یاد کیا اور مستقبل میں بھی اسے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ ہندی کی معروف شاعرہ ڈاکٹر مینو پراشر مانسی اس میں مہمان اعزازی تھیں اور انہوں نے اردو اور ہندی کے شعراء و ادباء کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی بزم صدف انٹرنیشنل کی کوششوں کو سراہا۔

پروگرام کے دو اور مہمانان اعزازی دوحہ قطر کے دو مستند اور معروف شعرائے کرم جناب رفیق شاد اکولوي اور جناب احمد اشفاق تھے۔ جناب احمد اشفاق بزم صدف انٹرنیشنل کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور پروگرام ڈائرکٹر بھی ہیں۔
مشاعرے کی نظامت بزم صدف دوحہ کے صدر ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش نے کی۔ جن شعراء نے مشاعرے میں اپنا کلام سنایا ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔
پروفیسر صفدر امام قادری، ڈاکٹر مینو پراشر مانسي، جناب رفیق شاد اكولوی، جناب احمد اشفاق، جناب مظفر نایاب، جناب منصور اعظمی، ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش، ڈاکٹر وصی الحق وصی، جناب وقار ندوی (نائب صدر بزم صدف دوحہ)، جناب مقصود انور مقصود، جناب اشفاق دیشمکھ، جناب اطہر اعظمی، محترمہ فریدہ نثار انصاری، جناب راقم اعظمی، جناب طاہر جمیل، اورجناب سید مشفق رضا نقوی۔
اخیر میں بزم صدف دوحہ چیپٹر کے جنرل سکریٹری جناب وصی الحق وصی نے مہمانوں اور بزم صدف دوحہ کی تکنیکی ٹیم خاص طور پر پروگرام ڈائرکٹر محمد عرفان اللہ اور نائب پروگرام ڈائرکٹر اؤم پرکاش پریرا کا شکریہ ادا کیا۔