جذباتی نعرے اور توہین آمیز ویڈیو، آڈیو اور پوسٹ کو فروغ دینے سے پرہیز کریں: علمائے دین

Taasir Urdu News Network | New Delhi (Delhi)  on 10-April-2021

نئی دہلی: ،10؍اپریل۔گستاخ رسول اور توہین قرآن پاک کی سزا سے متعلق اسلامی شریعت میں واضح احکام موجود ہیں لیکن بھارت میں دستور ہند کے مطابق ہم قانونی چارہ جوئی کریں تو کامیابی ضرور حاصل ہوگی لیکن مسلسل محنت اور مستقل مزاجی لازمی ہے جس کے لئے خلوص بھی شرط ہے ورنہ احتجاجی مظاہروں سے ہماری کوششیں روایتی بنتی جا رہی ہیں اور تاثیر کھوتی جا رہی ہیں، مسجد خلیل اللہ کے امام و خطیب مولانا محمد یعقوب علی خان قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں تحفظ ناموس رسالت و قرآن کانفرنس میں یہ پیغام دیا، ادارہ شرعیہ دہلی کے قیام اور دار القضاء دہلی کی تشکیل کے افتتاحی اجلاس میں شریک علمائے دہلی نے گستاخانہ رسول اور قرآن پاک پر انگلی اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی سے متعلق اپنی پیش قدمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنی رائے پیش کی، خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر محمد احمد نعیمی نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ قرآن پاک اور دین اسلام کے خلاف بولنے اور لکھنے والے ہر دور میں رہے ہیں لیکن قرآن پاک خدا کی کتاب ہے جس کی حفاظت کا ذمہ خود اسی نے لے رکھا ہے اور مذہب اسلام خدا پا پسندیدہ دین ہے، اس لئے اسلام اور قرآن پاک کو کبھی خطرہ نہیں البتہ مسلمانوں کو خطرہ ضرور ہے، اس لئے اپنی حفاظت اور عزت و ناموس کی حفاظت خود ہی کرنا ہے جس کا سب سے کامیاب طریقہ یہی ہے کہ مسلمان، قرآن پاک کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کریں اور ناموس رسالت کی پاس داری بھی اسی لئے مسلمانوں پر لازم ہے کہ اسی سے ان کی عزت و ناموس باقی رہ سکتی ہے.
نظامی مسجد کے امام و خطیب مولانا نازش علی نعیمی نے موضوع سے متعلق قرآنی آیات کی تلاوت کی اور ترجمہ پیش کیا، افتتاحی خطاب اور پوری دہلی و اطراف سے پہنچے سینکڑوں مسجدوں کے امام صاحبان کو خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارہ شرعیہ دہلی کے صدر مولانا محمود غازی ازہری نے کہا کہ آج قائد اہل سنت علامہ ارشد القادری کا خواب پورا ہوا جس کے لئے ہم دہلی کے سبھی علمائے اہل سنت اور سنی مساجد کے امام صاحبان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور حمایت و تعاون پیش کرنے کے لئے شکر گزار ہیں، اجلاس کی صدارت مسجد خلیل اللہ کے امام و خطیب مولانا محمد یعقوب علی خان قادری نے فرمائی اور سرپرستی جامعہ حضرت نظام الدین اولیاء کے ارکان غلام ربانی صاحب، مولانا فیض ربانی صاحب اور حسنین برکاتی صاحبان کی،
تحفظ قرآن سے متعلق خطاب کرتے ہوئے مولانا فیضان احمد نعیمی امام قادری مسجد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والے عاشقان رسول کے لئے لازم ہے کہ جذباتی نعرے اور توہین آمیز ویڈیو، آڈیو اور پوسٹ کو شیر کرنے اور آگے بھیجنے سے پرہیز کریں اور سوشل میڈیا سے باہر نکل کر قرآنی آیات کا ترجمہ و تفسیر کو پڑھنے کی کوشش کریں تاکہ معلومات کے بعد اپنے ایمان و عقیدے کو محفوظ رکھ سکیں اور غلط فہمی پیدا کرنے والوں کی کج فہمی کو بھی دور کرنے کے قابل ہو سکیں،
جامعہ حضرت نظام الدین اولیاء ذاکر نگر دہلی کی نظامی مسجد میں منعقد اجلاس کی نظامت مولانا محمد ظفر الدین برکاتی مصباحی مدیر اعلیٰ ماہ نامہ کنز الایمان دہلی نے کی اور سبھی امام صاحبان کو تفصیل سے ادارہ شرعیہ دہلی کے اغراض و مقاصد اور فواید و مسائل سے آگاہ کیا، مولانا محبوب ظفر نظامی اور مولانا زبیر احمد نظامی نے نعت و مناقب پیش کیے اور شیخ انظار احمد مصباحی جوائنٹ سکریٹری ادارہ شرعیہ دہلی نے ہدیہ تشکر پیش کیا، اجلاس کی پہلی نشست میں علمائے دہلی نے دہلی کی مساجد کی ڈائریکٹری اور موبائل اپلیکیشن کے لئے بنیادی معلومات فراہم کی اور ادارہ شرعیہ دہلی کی مسلسل اور مستقل حمایت و تعاون کی عملی طور پر یقین دہانی کرائی۔