سماجی اور معاشی طور پر کمزور طبقوں کوٹیکہ کاری میں دی جائے اولین ترجیح : بھوپش

Taasir Urdu News Network | Chattisgarh (Raipur)  on 30-April-2021

رائے پور : ، 30 اپریل۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپش بگھیل نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سماجی اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو ٹیکہ کاری میں اولین ترجیح دی جائے۔
وزیراعلیٰ بگھیل نے خط میں ذکر کیا ہے کہ مرکزی حکومت کے ہدایت نامہ کے مطابق 28 اپریل سے کووین پورٹل پر کووڈ کے خلاف ویکسینیشن کے خواہشمند18 سے 44 سال کی عمر کے افراد کے مستفیدین کارجسٹریشن شروع ہوگیا ہے۔ اگرچہ یہ معلومات پورٹل پر ریاست کے لحاظ سے دستیاب نہیں ہے ، لیکن آج تک اس عمر گروپ کے تقریباً 1.7 کروڑ شہریوں نے کووین پورٹل پر رجسٹریشن کروالیا ہے۔
اس عمر گروپ کے لئے ویکسین کی خریداری صرف ریاستوں کو ہی کرنی ہے۔ ریاستی حکومت نے کوویشیلڈ اور کوویکسین کی 25-25 لاکھ خوراکیں دینے کے لئے کہا ہے۔ ان میں سے صرف ایک بھارت بائیوٹیک کا جواب موصول ہوا ہے ، جس کے مطابق مئی میں مطلوبہ مقدار میں سے صرف تین لاکھ خوراکیں ریاست کو ملیں گی۔ ایسی صورتحال میں ، بڑی تعداد میں رجسٹریشن ہونے اور اس تناسب میں ویکسین کی خوراکیں دستیاب نہیں ہونے سے ٹیکہ کاری میں پرمشکلات آسکتی ہیں۔
وزیر اعلی نے خط میں ذکر کیا ہے کہ ایسی صورتحال میں ویکسین کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمر گروپ میں ترجیح کاکوئی زمرہ طے کیا جانا چاہئے اور اس میں سماجی اور معاشی طور پر کمزور طبقوں کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ فی الحال رجسٹریشن کا نظام صرف آن لائن دستیاب ہونے سے بھی سماجی اور معاشی طور پر کمزور طبقے کاویکسینیشن سے محروم ہونے کا زیادہ امکان رہتا ہے۔