مغربی بنگال میں ووٹنگ کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں 4 کی موت

Taasir Urdu News Network | Kolkata (West Bengal)  on 10-April-2021

کولکاتہ:،10اپریل، مغربی بنگال انتخابات میں چوتھے مرحلے کے انتخابات کے دوران سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس سی آئی ایس ایف کی مبینہ فائرنگ کے دوران چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ، یہ واقعہ کوچ بہار ضلع میں سیتاکولچی بلاک ماتھابھنگا جورپاٹکی علاقے میں پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیتاکولچی میں سی آئی ایس ایف CISF نے اپنے اوپر حملے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر فائرنگ کردی جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ خبر لکھے جانے تک ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔اس واقعے کے بعد ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے ٹویٹ کیا اور کمیشن سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا – CAPF نے کوچ بہار میں فائرنگ کی جس میں 4 دیہاتی ہلاک ہوگئے۔ کیا یہ آپ کی نگرانی میں یہ ہوتا ہے الیکشن کمیشن ؟ آپ ذمہ دار ہیں۔ الیکشن ہاؤس میں بیٹھے ان کٹھ پتلیوں سے پوچھنا جو مودی شاہ کی افواج کو قابو کرنے میں ناکام ہیں۔مغربی بنگال میں چوتھے مرحلے کے تحت آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ہوڑہ،ہگلی، جنوبی چوبیس پرگنہ، علی پور دوار اور کوچ بہار کی چوالیس سیٹوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔ ہوڑہ کی نو، ہگلی کی دس ،جنوبی چوبیس پرگنہ کی گیارہ، کوچ بہار کی نو اور علی پور دوار کی پانچ سیٹوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ان حلقوں میں پندرہ ہزار نو سو چوالیس پولنگ مراکز قائم کیے گیے ہیں۔ مرکزی وزیربابل سپْریو،ریاستی وزراء پارتھا چٹرجی ، اروپ بسواس اور کرکٹر سے سیاست داں بنے منوج تیواری سمیت تین سو تیہتر اْمیدواروں کی قسمت کا ایک کروڑ پندرہ لاکھ اکیاسی ہزار سے زائد ووٹر فیصلہ کرینگے۔ آزادنہ ومنصافانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے معقول بندوبست کیے گیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان پولنگ اسٹیشنوں پر سات سو نواسی سینٹر آرمڈ پولیس فورسز کی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ گزشتہ تین مرحلوں میں ووٹنگ فیصد اسی فیصد سے زیادہ رہا ہے۔