ممتا بنرجی نے سیکورٹی فورسیس کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے بات کی

Taasir Urdu News Network | Kolkata (West Bengal)  on 11-April-2021

کلکتہ: 11اپریل،الیکشن کمیشن کے ذریعہ کوچ بہار میں مرکزی سیکورٹی فورسیس کی فائرنگ میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد کسی بھی سیاسی لیڈروں کے جانے پر پابندی عاید کئے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی ۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے متاثرین کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔اس سے قبل سلی گوڑی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ یہ واقعہ سازش کا نتیجہ ہے ۔اس کے پیچھےامیت شاہ شامل ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ کوچ بہار جانے سے روکا گیا ہے ۔خیال رہے کہ فائرنگ کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کوچ بہار جانے پر روک لگادی ہے۔واقعہ کے فوری بعد ممتا بنرجی نے کوچ بہار جانے کا اعلان کردیا تھا۔ ویڈیو کانفرنسنگ میں ، ممتا نے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس واقعے سے متعلق کوئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے؟ اس پر شک کا اظہار کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ پولیس اس معاملے کو الگ سمت دے سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 اپریل کو وہ کوچ بہار جائیں گی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کریں گی۔خیال رہے کہ مغربی بنگال کےکوچ بہار میں پولنگ بوتھ کے باہر فائرنگ میں چارافراد کی موت ہوگئی ہے۔مرکزی فورسیس نے دعوییٰ کیا ہے کہ یہ فائرنگ مجبوری میں کی گئی تھی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ ہنگامہ آرائی غلط فہمی کا نتیجہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت منیرالز مان ، حمید میاں ، چمن الحق اور نور عالم میاں کے طور پرہوئی ہے۔