منڈیوں میں گندم کی خریداری نہيں ہورہی ہے: کماری شیلجا

Taasir Urdu News Network | Haryana (Chandigarh)  on 15-April-2021

چنڈی گڑھ:، 15 اپریل، ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا نے کہا ہے کہ ریاست کی منڈیوں میں افراتفری کا عالم یہ ہے کہ نہ تو کسانوں کی فصلوں کی خریداری ہورہی ہے اور نہ ہی باردان اور ترپال کا مناسب بندوبست ہے۔ محترمہ شیلجا نے آج یہاں جاری ہونے والے بیان میں یہ دعوی بھی کیا کہ منڈیوں میں خریدی گئی فصلوں کو ذخیرہ کرنے کا مناسب انتظام بھی نہیں ہے۔ ان سب کی وجہ سے بیشتر منڈیوں میں افراتفری کا عالم ہے۔ انہوں نے کہا کہ باردان اور ترپال کی قلت کے سبب کسانوں کی فصل بھی محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کاشتکاروں کو جے- فارم بھرنے کے 72 گھنٹے کے بعد تو کیا گزشتہ ایک ہفتے سے ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جامع انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے بہت ساری منڈیاں بند کردی ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کسان اپنی فصلوں کو لے کر منڈیوں میں پہنچ رہے ہیں لیکن فصلوں کی خریداری نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڑھتیوں اور حکومت کے مابین کشیدگی سے منڈیوں میں خریداری بھی متاثر ہوئی ہے۔ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ کسانوں کی لاکھوں ٹن گندم منڈیوں میں پڑی ہے۔ اب موسم میں ہونے والی تبدیلی نے بھی کسانوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ ماہرین موسمیات نے بارش کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو منڈیوں میں پڑے کسانوں کا اناج بھیگ جائے گا اور گندم میں نمی بڑھ جائے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ منڈیوں میں فصلوں کی خریداری کے لئے مناسب بندوبست کرے، کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کی فوری ادائیگی کی جائے، تاخیر سے ادائیگی پر کاشتکاروں کو سود دی جائے، باردانہ اور ترپال کا بندوبست کیا جائے۔