ٹیسٹ، ٹریس، اور ٹریٹ سے کورونا انفیکشن کی چین ٹوٹے گی: یوگی

Taasir Urdu News Network | Lucknow (Uttar Pradesh)  on 11-April-2021

لکھنو:، 11اپریل،کورونا کی دوسری لہر کے خلاف جاری جنگ میں گزشتہ برس کی طرح جیت حاصل کرنے کا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ ٹیم ورک اور ’ٹیسٹ، ٹریس اور ٹریٹ‘ کے ہدف کو مد نظر رکھ کر انفیکشن کی چین کو توڑا جاسکتا ہے۔مسٹر یوگی نے اتوار کو یہاں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں حکام کو ہدایت دی کہ آر ٹی پی سی آر طریقہ سے ہر روز ایک لاکھ ٹیسٹ کئے جائیں۔ متاثرہ شخص کے رابطہ میں آئے کم از کم 30-35لوگوں کو ٹریس کرتے ہوئے ان کا صد فیصد کووڈ ٹیسٹ کیا جائے، جن اضلاع میں یومیہ کورونا کے 100یا اس سے زیادہ کیس مل رہے ہیں یا جہاں مجموعی مثبت کیسوں کی تعداد 500سے زیادہ ہے، ایسے اضلاع میں نائٹ کرفیو لگایا جائے۔ کلاس 12تک کے تمام سرکاری اور غیرسرکاری اسکول30اپریل تک بند رکھے جائیں۔ پہلے سے طے شدہ امتحانات کرائے جاسکتے ہیں اس مدت میں کوچنگ سنٹرس بھی بند رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ اسپتالوں میں طبی عملہ، ضروری دوائیں، طبی آلات اور بیک اپ سمیت آکسیجن کی مناسب دستیابی قائم رکھی جائے۔ اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ یہ یقینی کیا جائے کہ ایل۔2اور ایل۔3کووڈ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرس اور ہائی فلو نیزل کنیولا (ایچ ایف این سی) کی دستیابی رہے۔ وینٹی لیٹرس اور ایچ ایف این سی کی مناسب دستیابی یقینی رکھنے کے لئے مسلسل جائزہ لیتے ہوئے ضرورت کے مطابق فاضل انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے لیول۔2اور لیول۔3کے بیڈ کی تعداد میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔لکھنو، کانپور شہر، وارانسی، پریاگ راج میں کورونا کا پھیلاو روکنے کے لئے موثر حکمت عملی بناکر کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مسٹر یوگی نے کہاکہ لکھنو کے ایرا میڈیکل کالج، ٹی ایس مشرا میڈیکل کالج اور انٹیگرل میڈیکل کالج کو ڈیڈی کیٹڈ کووڈ اسپتال کے طورپر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہر ایک کووڈ اسپتال میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے کم از کم 700بیڈ دستیاب رہیں۔ اس کے لئے تمام ضروری طبی وسائل کا انتظام کیا جائے۔