کورونا مریضوں کو فوری طور پر داخل کریں اسپتال : یوگی

Taasir Urdu News Network | Uttar Pradesh (Lucknow)  on 25-April-2021

لکھنؤ :، 25 اپریل،عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کے لئے اتر پردیش میں آکسیجن اورریمڈیسیور سمیت دیگر ادویات کے وافر ذخائر کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کووڈ مریضوں کے علاج میں سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں لا پرواہی نہیں برتی جائے ۔ کورونا مریضوں کے علاج کے اخراجات ضابطوں کے تحت سرکا ر برداشت کرے گی۔مسٹر یوگی نے اتوار کو ٹیم 11 کے ساتھ کورونا کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 35،614 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جبکہ 25،633 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔ اس طرح سے ریاست میں اب تک 7.77 لاکھ سے زیادہ افراد کووڈ انفیکشن سے نجات پا چکے ہیں ۔ یہ خوشگوار صورتحال ’ دوائی بھی کڑائی ‘ کے فارمولہ کو موثر انداز میں نافذ کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی آر ڈی او کے اشتراک سے لکھنؤ اور وارانسی میں قائم کیا جانے والا تمام سہولتات سے لیس کووڈ اسپتال بہت جلد چالو ہو جائے گا ۔ محکمہ صحت متعلقہ احکام سے رابطہ قائم کرکے ڈی آر ڈی او کو تمام وسائل مہیا کرائے ۔ ان اسپتالوں کےفعال ہونے سے ریاست کے طبی وسائل کو تقویت ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری یا غیر سرکاری اسپتال کسی بھی مریض کے علاج سے انکار نہیں کرسکتا ۔ ضابطوں کے مطابق حکومت ان کے علاج معالجے کے اخرا جات برداشت کرے گی ، لیکن مریضوں کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کرانی چاہئے ۔ اینٹیجن ٹیسٹ میں پازیٹوآنے والوں کو مکمل علاج مہیا کیا جانا چاہئے۔مسٹر یوگی نے کہا کہ یہ جنگی بنیادوں پر کی گئی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج اترپردیش میں دیگر ریاستوں کی طرح افراتفری نہیں ۔ آکسیجن کی فراہمی حسب معمول ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاست کی الاٹمنٹ میں اضافہ کیا ہے ۔ اس کی فراہمی جلد از جلد کرائی جائے ۔ آکسیجن ایکسپریس جیسے جدید تعاون سے فائدہ ہوا ہے ۔ آکسیجن ایئر لفٹ بھی کرائی جارہی ہے۔ سرکاری ہو یا غیر سرکاری کسی بھی کووڈ ہسپتال میں اس کی قلت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن ٹینکروں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرے ۔ اس کے علاوہ ٹینکروں کی فراہمی کے لئے مرکزی حکومت سے بھی تعاون حاصل کیا جائے ۔ ریاست کے 100 بستروں سے زیادہ گنجائش والے تمام اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس لگانے کا عمل تیز کیا جائے۔ کاروائی تیزی سے آگے برھائی جائے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو مفت ٹیکہ کاری کا فیصلہ لینے والی پہلی ریاست اترپردیش ہے ۔ یکم مئی سے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی جائیں۔انہوں نے کہا کہ 50-50 لاکھ خوراکوں کا آرڈر ویکسین تیار کرنے والی دونوں کمپنوں کودیا گیا ، اس علاوہ مرکزی سرکار کی جانب سے ویکسین کی خوراکیں دستیاب کرائی جائیں گی ۔ اس ضمن میں ایک جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ویکسین ضائع نہ ہو۔ مسٹر یوگی کی ہدایت پر ریاست کے سبھی سرکاری اسپتالوں میں ریمڈیسور بڑی کھیپ بھیج دی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ کی واضح ہدایت ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج غریبوں، پسماندہ طبقات اور ضرورت مندوں کو ریمڈایسیوردستیاب کرائی جائے ۔