گالی گلوج کرنے پر نوجوان کا قتل ، دو گرفتار

Taasir Urdu News Network | New Delhi (Delhi)  on 11-April-2021

نئی دہلی: ، 11 اپریل ۔ باہری دہلی کے منگول پوری علاقے میں چندربھان کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرلیا ہے۔ دہلی پولیس نے اتوار کے دن دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان چندربھان کو 4 اپریل کو محض گالی گلوج کرنے پر قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس نے واردات کو انجام دینے والے دو افراد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے صرف گالی گلوج کا بدلہ لینے کے لئے یہ جرم کیا تھا۔ ملزمان کی شناخت پردیپ اور راجو کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کو بھی برآمد کرلیا ہے۔
ڈی سی پی پرویندر سنگھ نے اتوار کے روز بتایا کہ منگولپوری پولیس کو آؤٹر رنگ روڈ پر واقع پارک میں ایک نوجوان کی لاش خون آلودہ پڑی ہوئی ملی ہے۔ جس کا چہرہ پتھر سے کچل دیا گیا تھا۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر سنجے گاندھی اسپتال کے مردہ خانے میں محفوظ رکھوا دیا۔
ابتدائی تفتیش میں لاش کی شناخت چندربھان کے نام سے ہوئی ہے ، جو منگول پوری کے ایل بلاک میں کنبے کے ساتھ رہتا تھا۔ کنبہ کے افراد کے مطابق ، وہ کسی جاننے والے شخص کے ساتھ گیا تھا ، جس کے بعد وہ واپس نہیں آیا۔
ملزم کو سی سی ٹی وی کے ذریعہ پکڑا گیا
پولیس نے گھر کے چاروں طرف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی چھان بین کی۔ فوٹیج دیکھ کر پتہ چلا کہ واقعہ سے قبل چندربھان دو لڑکوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر جارہا تھا۔ جس کے بارے میں پولیس کو پتہ چلا۔ پولیس نے پردیپ اور راجو کو شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لئے بلایا۔ ان کے بیان لینے کے بعد ، ان دونوں کی لوکیشن کے بارے میں پتہ لگایا۔
پولیس نے دونوں کی باتوں کے درمیان تضادپایا ۔ جس کے بعد سختی سے پوچھ گچھ ہوئی۔ دوران تفتیش ان دونوں نے چندربھان کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم نے بتایا کہ چندربھان بہت گالی گلوج کرتاتھا۔ کئی بار اس کو منع کیا گیا لیکن وہ نہیں مانا۔
واردات کے دن ، دونوں اسے موٹرسائیکل کے ذریعہ پارک لے گئے۔ تینوں نے شراب پی ، پھر پتھر سے چندربھان کا قتل کردیا۔ یہ دونوں منگول پوری کے رہائشی ہیں۔ پردیپ ایک نجی کمپنی میں کام کرتا ہے۔ جبکہ راجو پینٹر ہے۔