ہریانہ میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت : کھٹر

Taasir Urdu News Network | Haryana (Chandigarh)  on 15-April-2021

چندی گڑھ :، 15 اپریل،ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے کہا ہے کہ ملک اور ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز سے ہمیں سخت احتیاط برتنی ہوگی۔ گزشتہ سال لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں بند ہو گئی تھیں ، جنہیں پٹری پر لانے کے لئے تقریباچھ مہینے لگ گئے۔ اس لئے ہمیں اس بات کو ذہن میں رکھنا ہے کہ ریاست میں معاشی سلسلہ بھی جاری ر ہے اور کسی کی جان بھی نہ جائے ۔وزیراعلیٰ آج یہاں ریاست میں کووڈ کیسز اور ٹیکہ کاری کے جائزہ کے لئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کررہے تھے۔ میٹنگ میں نائب وزیر اعلی دوشینت چوٹالہ بھی موجود تھے ، لیکن وزیر صحت اور وزیر داخلہ انل وج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا بھی خیال رکھنا ہے کہ کون سی چیر ضروری ہے اور کس چیز کو ٹالا جاسکتا ہے۔ اس بار کورونا کا پھیلاؤ تعلیمی اداروں سے شروع ہوا ہے ، اس لئے وہاں زیادہ محتاط رہنے اور عوامی تقریبات وغیرہ میں بھیڑ کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب سے عوامی تقریب میں کھلے میں 200 اور انڈور میں 50 سے زیادہ افراد جمع نہیں ہو سکیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آخری رسومات میں بھی 20 سے زیادہ افراد شریک نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ اضلاع میں ایڈوائزری جاری کرکے رات کے وقت شادی کی تقاریب کا وقت تبدیل کرکے دن میں کیا جائے۔ اس کے علاوہ رات کے پروگرام بھی رات کے بجائے دن میں کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر فرد کا آئینی حق ہے اور تحریک چلانے والوں سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ، لیکن ہر کام کا اپنا وقت ہوتا ہے۔ اس وقت کورونا کی وجہ سے زندگی ایک بحران سے گذر رہی ہے ، اس لئے یہ وقت صحیح وقت نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کسانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے ناطے اس وقت وہ اپنی تحریک واپس لیں۔ اگر انہیں اپنے کسی بھی مطالبے کے لئے احتجاج یا مظاہرے کرنے ہیں ، تو حالات ٹھیک ہونے کے بعد بھی یہ کئے جا سکتے ہیں ۔