ریاست

دہلی میں کورونا سے 24 گھنٹے میں 448 اموات

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | New Delhi (Delhi)  on 04-May-2021

نئی دہلی :،4مئی ، دہلی میں کورونا وائرس کے حالات اب پہلے کے مقابلہ میں کچھ بہتر ہوئے ہیں۔ تاہم موت کے اعداد و شمار ڈرانے والے ہیں۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے میں جو تعداد سامنے آئی ہے ، اس کو کچھ حد تک اطمینان بخش کہا جاسکتا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کے 18043 نئے معاملے سامنے آئے اور 448 افراد کی موت ہوئی ہے۔اب دہلی میں ایکٹو مریضوں کی تعداد 89592 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 20293 لوگوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے۔ اس وقت دہلی میں 50441 لوگ ہوم آئیسولیشن میں اپنا علاج کرا رہے ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں دہلی میں 61 ہزار 45 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔ وواضح رہے کہ دہلی میں گزشتہ اتوار کو کورونا کے نئے معاملے میں کمی آئی تھی ، لیکن موت کی تعداد گزشتہ کچھ دنوں سے مسلسل چار سو کے پار رہی۔ گزشتہ دو ہفتوں میں پہلی مرتبہ اتوار کو پازیٹیویٹی ریٹ 30 فیصد سے نیچے آیا تھا۔لاک ڈاون کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہے جب پازیٹیویٹی 30 فیصد کے نیچے آیا۔ حالانکہ گزشتہ اتوار کو 407 لوگوں نے اس وائرس کی وجہ سے دم توڑ دیا۔ادھر دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو پیر کے روز دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کے ذریعہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے دارالحکومت میں کووڈ اسپتال کے قیام اور آکسیجن کی فراہمی سے متعلق مدد کی درخواست پر کی جانے والی کارروائی سے مطلع کرنے کی ہدایت دی۔ جسٹس وپن سانگھی اور ریکھا پلی نے کہا کہ “ہم مرکزی حکومت کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ دہلی کے نائب وزیر اعلی کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے درخواست پر کی گئی کارروائی سے عدالت کو آگاہ کرے”۔اس سے قبل عدالت نے دہلی حکومت سے فوجی دستے کی خدمات لینے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کو کہا تھا۔ فوجی دستے فیلڈ اسپتال قائم کرسکتے ہیں اور بڑی تعداد میں کورونا مریضوں کا علاج کرسکتے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper