دنیا بھر سے

سعودی شاہ سلمان کا ترک صدر سے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Riyaz (Saudi Arabia)  on 06-May-2021

ریاض :،6مئی سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ترک صدر رجب طیب اردغان سے بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ترک صدر نے خادم الحرمین الشریفین سے بات چیت کرتے ہوئے انھیں عید الفطر کی پیشگی مبارک باد پیش کی ہے۔سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات 2018ءمیں صحافی جمال خاشقجی کے استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں قتل کے واقعے کے بعد سے تناؤ کا شکار چلے آرہے ہیں لیکن حالیہ مہینوں کے دوران میں ترکی نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششیں کی ہیں۔
ترک صدر کے ترجمان اور مشیر ابراہیم کالین نے اپریل میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’ہم سعودی عرب سے تعلقات کو زیادہ مثبت ایجنڈے کے ساتھ بہتر بنانا چاہتے ہیں۔‘‘انھوں نے سعودی عرب میں ایک عدالت میں گذشتہ سال جمال خاشقجی کے قتل کے مقدمہ کی سماعت کا خیرمقدم کیا۔اس مقدمے میں ماخوذ آٹھ افراد کو جیل کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ابراہیم کالین نے کہا کہ ’’ان (سعودی عرب) کی اپنی ایک عدالت ہے،وہاں مقدمہ چلایا گیا ہے۔انھوں نے ایک فیصلہ کیا اور ہم اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔‘‘ترک وزیرخارجہ مولود شاوش اوغلو نے بھی مارچ میں کہا تھا کہ ترکی اور سعودی عرب نے ’’مکالمے‘‘ کو جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔انھوں نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے گذشتہ سال نومبرمیں اپنی ملاقات کو مفید اور تعمیری قراردیا تھا۔ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو کے مطابق وزیرخارجہ نے کہا کہ ’’ہمارے پاس ایسا کوئی جواز نہیں کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں تبدیلی نہ لائیں۔
اگر وہ کوئی مثبت قدم اٹھاتے ہیں تو ہم بھی ایسا کریں گے۔
‘‘انھوں نے واضح کیا تھا کہ ’’ترکی نے کبھی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر سعودی عرب کی قیادت کو موردالزام نہیں ٹھہرایا۔‘‘

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper