بھارت کی مدد کے لئے ‘آکسیجن فار انڈیا’ میراتھن کینیڈا میں شروع ہوئی

Taasir Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra)  on 17-May-2021

اوٹاوا : ، 17 مئی۔ کینیڈا میں ، انڈو کینیڈا چیمبر آف کامرس (آئی سی سی سی) نے 80 مختلف مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر ‘آکسیجن فار انڈیا’ میراتھن کا آغاز کیا ہے۔ اس کے ذریعے 20 لاکھ ڈالر اکٹھا کرکے آکسیجن بھارت بھیجا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھارت کو کورونا سے لڑنے میں مدد دینے والے 2 ہزار وینٹیلیٹر بھی فراہم کرائے جائیں گے۔
اتوار کے روز میراتھن کے پہلے سیشن میں پانچ لاکھ ڈالر جمع ہوئے۔ یہ میراتھن 4 ہفتوں کے لئے ہر اتوار کو 3 گھنٹے کے لئے منعقد کی جائے گی۔ پانچ لاکھ ڈالر میں سب سے بڑی شراکت کینیڈا کے مقامی لوگوں نے کی ہے۔
مینیٹوبا میٹس فیڈریشن کے صدر ڈیوڈ چارٹرینڈ نے کہا ہے کہ اگرچہ ہم دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھتے ہیں تاہم بھارت کے ساتھ بھی ہم یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان مشکل حالات میں ہم بھارت کی مدد کریں۔ ہم آئی سی سی سی کو پانچ لاکھ ڈالر دے رہے ہیں نیز ضرورت پڑنے پر مزید مدد کریں گے۔