جموں وکشمیر کے سابق گورنر جگ موہن کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار تعزیت

Taasir Urdu News Network | New Delhi (Delhi)  on 04-May-2021

نئی دہلی :، 04 مئی،جموں و کشمیر کے سابق گورنر اور سابق مرکزی وزیر جگموہن کا انتقال ہوگیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز جگموہن کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قوم کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ایڈمنسٹریٹر سے لیڈربنے جگموہن کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ دہلی میں پیر کے روز 93 سالہ جگموہن نے آخری سانس لی۔ ان کی موت کی اطلاع ان کے اپنے ٹویٹر ہینڈل کے ذریعہ اہل خانہ نے دی ہے۔جگ موہن نے 1984 سے 89 تک اور پھر 1990 میں جنوری سے مئی تک کشمیر میں دو دفعہ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے دہلی اور گوا کے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 17 فروری 1980 کو دہلی کے لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے چارج لیا اور 30 مارچ 1981 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ اس کے بعد انہوں نے 31 مارچ 1981 سے 29 اگست 1982 تک گوا کے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ لوک سبھا میں بھی منتخب ہوئے تھے اور اٹل بہاری واجپائی حکومت میں بھی شہری ترقی و سیاحت کے مرکزی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
وزیر اعظم مودی نے منگل کے روز ٹویٹ کیا اور کہا ، ” جگموہن جی کی موت ہماری قوم کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ وہ ایک مثالی منتظم اور ایک مشہور دانشور تھے۔ انہوں نے ہمیشہ ہندوستان کی بہتری کی کیلئے کام کیا۔ ان کی وزارت کے دور کو نئی پالیسی کی تشکیل کے لئے یاد کیا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے میری تعزیت۔ ”