راس ٹیلر انگلینڈ دورے سے پہلے زخمی

Taasir Urdu News Network | Wilington (New Zealand)  on 04-May-2021

ویلنگٹن :، 04 مئی نیوزی لینڈ کے تجربہ کار اور عظیم بلے باز راس ٹیلر انگلینڈ دورے سے پہلے زخمی ہوگئے ہیں۔ لنکن میں پریکٹس کے دوران انہیں چوٹ لگی ہے اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے ان کے گریڈ ون پنڈلی میں کھینچاؤ کی تصدیق کی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ایک بیان میں کہا، اگلے ہفتے انگلینڈ کے لئے روانہ ہونے اور ٹسٹ ٹیم سے جڑنے سے پہلے ٹیلر بلے بازی اور دوڑ میں لوٹیں گے۔ اس بیچ نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے تسلیم کیا ہے کہ ٹیلر کی چوٹ تھوڑی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آپ چوٹ کے سلسلے میں ہمیشہ سے ہی پریشان رہتے ہیں لیکن ٹیلر جو آپ کے سب سے اہم ٹسٹ کھلاڑی ہیں اگر انہیں چوٹ لگے تو آپ کے لئے پریشانی اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ سب کچھ صحیح ہو۔ ہمارے پاس ابھی وقت ہے، لیکن ہمیں اپنی طبی ٹیم کی رپورٹ کا انتظار کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی وین ڈ ے سیریز میں بھی راس ٹیلر کو چوٹ کی وجہ سے باہر ہونا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ کو مئی کے وسط میں انگلینڈ دورے کے لئے روانہ ہونا ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو جون سے ٹسٹ سیریز کھیلے گی اور اس کے بعد وہ ساوتھمپٹن میں ہندوستان کے خلاف آئی سی سی عالمی ٹسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی ) کا فائنل کھیلے گی۔