سابق بیڈمنٹن چمپئن پرکاش پادکون کورونا سے متاثر

Taasir Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra)  on 04-May-2021

ممبئی :،04؍مئی – عالمی شہرت یافتہ بینڈ مٹن کھلاڑی اور معروف اداکارہ دپیکا پادکون کے والد پرکاش پادکون کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد بنگلور کے بھگوان مہاویر جین اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں کچھ دن پہلے ہی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور اس وقت ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طبیعت بہتر ہونے کی وجہ سے انہیں اس ہفتے اسپتال سے چھٹی ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق دپیکا پادکون کے والد پرکاش پادوکون کے علاوہ ان کی والدہ اجّولا پادکون اور بہن انیشا پادکون میںبھی کورونا کی علامات پائی گئیں ، لیکن اس وقت یہ دونوں ٹھیک ہیں اور دونوں گھر پر ہیں۔ واضح رہے کہ پرکاش پادکون نے حال ہی میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی تھی اور وہ دوسری خوراک کا انتظار کر رہے تھے ، لیکن اس سے قبل انہیں کورونا انفکشن ہوگیا ، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔قابل ذکر ہے کہ 65 سالہ بیڈمنٹن کھلاری پرکاش پادکون کو 1980 میں دنیا کی پہلی رینکنگ حاصل ہوئی تھی۔ اسی سال انہوں نے آل انگلینڈ اوپن بیڈ منٹن چمپئن شپ کا خطاب بھی جیتا تھا۔ وہ یہ خطاب جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی تھے۔ صرف یہی نہیں 1978 میں کینیڈا میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں پرکاش پادکون نے بیڈمنٹ کے سنگلز میچ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔