مسلسل چوتھے دن مہنگا ہوا پٹرول- ڈیزل

Taasir Urdu News Network | New Delhi (Delhi)  on 07-May-2021

نئی دہلی :،07مئی۔پبلک سیکٹر کی تیل سپلائی کرنے والی کمپنیوں نے مسلسل چوتھے دن پٹرول- ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ راجدھانی دہلی میں جمعہ کو پٹرول 28پیسے اور ڈیزل31پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔ اسی کے ساتھ گزشتہ چار دنوں میں پٹرول 90پیسے فی لیٹر اور ڈیزل ایک روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوگیا ہے۔ آج ان کی قیمتیں اب تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں جمعہ کو پٹرول 28 پیسے اضافے کے ساتھ 91.27 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 31 پیسے بڑھ کر 81.73 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔گزشتہ سطح ریکارڈ 27 فروری سے 23 مارچ 2021 تک رہا تھا۔ اس کے بعد چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوران چار دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کٹوتی کی گئی تھی جبکہ بقیہ دن قیمتیں مستحکم رکھی گئی تھیں۔ انتخابی نتائج کے بعد چار مئی سے دونوں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ممبئی اور کولکاتا میں آج پٹرول 27-27 پیسے اور چنئی میں 25 پیسے مہنگا ہو ا ہے۔ ممبئی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 97.61 روپے ، چنئی میں 93.15 روپے اور کولکاتا میں 91.41 روپے فی لیٹر پہنچ گئی ہے۔ممبئی میں ڈیزل کی قیمت میں 33 پیسے ، چنئی میں 30 پیسے اور کولکاتا میں 31 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ ممبئی میں ڈیزل کی قیمت 88.82 روپے ، چنئی میں 86.65 روپے اور کولکاتا میں 84.57 روپے فی لیٹرہے۔