ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل کے لئے ہندوستانی ٹیم جلد انگلینڈ روانہ ہوسکتی ہے

Taasir Urdu News Network | New Delhi (Delhi)  on 06-May-2021

نئی دہلی :،06؍مئی -ہندوستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لئے انگلینڈ سے تھوڑا پہلے روانہ ہوسکتی ہے ، جو نیوزی لینڈ کے خلاف 18 جون سے ساوتھمپٹن میں شروع ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کوجون کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانہ ہونے کی امید تھی ، لیکن کورونا بحران کے دوران سفری پابندی کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم مئی کے آخری ہفتے تک روانہ ہوسکتی ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوںکے آئی پی ایل کی تکمیل کے بعد ایک چارٹرڈ طیارے سے برطانیہ جانے کی امید تھی، تاہم کئی کھلاڑیوں کے کورونا پوزیٹیو ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔برطانیہ حکومت اور انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاکہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے برطانیہ کے سفر کویقینی بنایاجاسکے۔ برطانوی حکومت نے 23 اپریل سے ہندوستانی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہندوستان کو ’ریڈ لسٹ‘ میں ڈال دیا ہے۔ یہاں تک کہ برطانوی اور آئرش شہریوں کے لئے بھی انگلینڈ آنے پر ہوٹل میں رکنا ہوگا۔ ہندوستانی بورڈ سے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کی ایک فہرست پیش کرنے کو کہا جائے گا۔
، جس میں ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل اور انگلینڈ کے بعد ٹیسٹ سیریز کے لئے کھلاڑی ، معاون عملہ اور اہلکار شامل ہوں گے۔ ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 4 اگست سے 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی کھیلے گی۔