کھیل

انشو ملک پولینڈ اوپن سے دستبردار

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

وارسا،11؍ جون – اولمپکس کے تیاریوں میں مصروف نوجوان ہندوستانی پہلوان انشو ملک نے جمعہ کے روز بخار کی وجہ سے پولینڈ اوپن ریسلنگ ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے اور جب تک ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ نہیں آتی تب تک وہ قرنطین میں رہیں گی۔ معلومات کے مطابق انشو 57 کلوگرام زمرے میں وزن کرانے کے لیے آئی تھیں۔ اسے صبح بخار ہوا تھا لہٰذا انہیں مقابلہ سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا گیا ۔ہندوستانی دستہ کے ذرائع نے بتایاکہ انشو مقابلہ سے باہر ہونا نہیں چاہتی تھی لیکن احتیاط کے طور پر خود کو قرنطین کرلیا ہے ۔ یہ جاننے کے لئے کہ انہیں کورونا وائرس ہے یا نہیں، ان کا نمونہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کورونا کا معاملہ دکھائی نہیں دیتا کیونکہ وہ وارسا پہنچنے تک اچھی حالت میں تھیں لیکن یہ وہ وقت ہے جب آپ خطرہ مول نہیں لے سکتے اور اسی وجہ سے ان کا ٹیسٹ کیا گیا۔ انشو کے والدین کو گزشتہ مہینے کورونا وائرس ہوگیا تھا۔ انشو اور اس کا چھوٹا بھائی اپنی صحت یابی تک روہتک کے ایک ہوٹل میں رہے ۔انیس سالہ انشو نے ایشین اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرکے رواں سال اپریل میں ٹوکیو گیمز میں جگہ بنالی تھی۔انشو ٹوکیو اولمپکس سے قبل آخری رینکنگ سیریز سے دستبردار ہونے والی دوسری ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔
اس سے پہلے دیپک پونیا کہنی کی انجری کے سبب مردوں کی فری اسٹائل 86 کلوگرام کے مقابلے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper