بی جے پی مہاراشٹر میں اپنے بل بوتیپر انتخابات لڑے گی: دیویندر فڑنویس

ممبئی ، 21 جون ۔ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف دیویندر فڑنویس نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں آئندہ تمام انتخابات اپنے بل بوتے پرلڑے گی۔ بی جے پی ریاست میں حزب اختلاف کی شکل میں عا م لوگوں کے مسائل میں انصاف فراہم کررہی ہے ، اس لئے بی جے پی کو بھاری اکثریت ملے گی اور ریاست میں اگلی حکومت تشکیل دے گی۔
دیویندر فڑنویس نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ شیوسینا کے ایم ایل اے پرتاپ سرنائک کا خط ان کی پارٹی کے صدر کے پاس ہے۔ یہ شیوسینا کا اندرونی معاملہ ہے۔ وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو اس معاملے پر فیصلہ لینا ہوگا۔ شیوسینا کے بہت سے ایم ایل اے کا یہی نظریہ ہوسکتا ہے ، لیکن بی جے پی اب کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔فڑنویس نے کہا کہ بی جے پی عوام میں رہ کر بہتر کام کررہی ہے۔ اسی لئے اسے ہر سطح پر عوامی حمایت حاصل ہورہی ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل نے بھی کہا کہ پرتاپ سرنائک نے اپنے خط میں جو محسوس کیا اس کو لکھا ہے۔ اس پر ان کی پارٹی کے صدر کو فیصلہ کرنا ہے۔ بی جے پی میں ، تمام کام جمہوری طریقے سے ہوتے ہیں۔ یہاں فیصلہ سازی کا اختیار اعلی قیادت کوہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ شیوسینا کے ایم ایل اے پرتاپ سرنائک نے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو ایک خط لکھ کر بی جے پی کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پرتاپ سرنائک نے اپنے خط میں کہا تھا کہ کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شیوسینا کو کمزور کررہی ہے۔ اس لئے ، اگر شیوسینا بی جے پی کے ساتھ جاتی ہے ، تو شیوسینا بلدیاتی انتخابات میں فائدہ اٹھا سکتی ہے۔