غازی آباد: بزرگ کو زدوکوب کرنے کے معاملے میں پولیس نے ٹویٹر انڈیا کے ایم ڈی کو دوسرا نوٹس بھیج دیا

24 جون کو صبح10:30 بجے پیش ہونے کی ہدایت
غازی آباد ، 22 جون ۔ ضلع کے لونی بارڈر پولیس اسٹیشن نے پیر کے روز ایک بزرگ تانترک کی پٹائی کے سلسلے میں ٹویٹر انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کو دوسرا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔ اس نوٹس میں مینیجنگ ڈائریکٹر کو 24 جون کی صبح 10 بج کر 30 منٹ پر ذاتی طورپر تھانہ میں پیش ہو کر اپنا موقف رکھنے کو کہا گیا ہے۔ یہ نوٹس اس معاملے کے تفتیش کار اکھلیش مشرا نے ضابطہ اخلاق کی دفعہ 41 ( اے) کے تحت بھیجا ہے۔
دوسرے نوٹس میں بتایا گیا کہ ٹویٹر سے 18 جون کوموصول ایک ای میل کے مطابق ٹویٹر جانچ سے بچناچاہ رہا ہے۔ پولیس ٹویٹر کے جواب سے مطمئن نہیں ہے ، ایم ڈی کو ذاتی طور پر آکر جواب دینا چاہئے۔ عدم حاضری کو قانون کے مقررہ عمل میں مزاحمت پیدا کرنے اور تحقیقات میں ناکام ہونے کی کوشش سمجھا جائے گا۔ جس کی وجہ سے ٹویٹر انڈیا کے ایم ڈی پر مزید کارروائی کی جاسکتی ہے۔
ٹویٹر انڈیا کو پہلے ہی ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں اس کو جواب دینے کے لئے ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ جواب میں پولیس کو ٹویٹر انڈیا کا ایک میل موصول ہوا۔ پولیس اس کے جواب سے مطمئن نہیں تھی اور آج ہی ایک دوسرا نوٹس جاری کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ 5 جون کو ، لونی بارڈر تھانے کے علاقے میںہوئی ایک بزرگ تانترک ، بلدشہر کے رہائشی عبد الصمدکے ساتھ ہوئی واردات کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر، 14 جون کو وائرل ہوا تھا۔ اس معاملے میں 15 جون کو لونی پولیس اسٹیشن میں ٹویٹر سمیت نو افراد کے خلاف ایک رپورٹ درج کی گئی تھی۔ پولیس کی تفتیش میں ، اب تک پورے واقعہ کے مبینہ ماسٹر مائنڈ ، امید پہلوان سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔